صحافت ریاست کا اہم ستون ،جمہوریت کا بنیادی جزو ہے ،سردار ایاز صادق

122

اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ صحافت کو ریاست کا اہم ستون اور جمہوریت کا بنیادی جزو مانا جاتا ہے،جمہوری اور انصاف پسند معاشرے کی تشکیل کیلئے صحافی برادری کے خلاف ہونے والے جرائم کا خاتمہ ناگزیر ہے، ہر سال دنیا بھر میں صحافیوں کو تشدد کا نشانا بنایا جاتا ہے، سینکڑوں صحافی اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے شہید ہوتے ہیں۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان میں سردار ایاز صادق نے کہا کہ جمہوری اور انصاف پسند معاشرے کی تشکیل کیلئے صحافی برادری کے خلاف ہونے والے جرائم کا خاتمہ ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غزہ اور مقبوضہ کشمیر میں صحافیوں کو بدترین ریاستی دہشتگردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نت مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ غزہ اور بھارت میں صحافیوں پر ہونے والی دہشتگردی اور جرائم کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان نے ہمیشہ صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں بھر پور کردار ادا کیا ہے،پارلیمان آزادی صحافت اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے، صحافیوں کو بلا خوف و خطر اپنی صحافتی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے ساز گار ماحول فراہم کرنا ضروری ہے ۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی بحالی کیلئے صحافتی برادری کی جدو جہد قابل ستائش ہے، صحافی برادری کا تحفظ ہماری جدو جہد کا اہم پہلو ہے،میڈیا کی آزادی اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔