صحت مند معاشرے کیلئے تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں بہت ضروری ہیں، رانا مشہود احمد خان

لاہور۔14دسمبر (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں سفارتی کامیابیوں کا سفر جاری ہے،ملکی سلامتی و قومی اداروں کے خلاف زہریلا پراپیگنڈا کرنے والوں کو احتساب کے کٹہرے میں لایا جائے گا ،صحت مند معاشرے کیلئے تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں بہت ضروری ہیں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز 13ویں …

لاہور۔14دسمبر (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں سفارتی کامیابیوں کا سفر جاری ہے،ملکی سلامتی و قومی اداروں کے خلاف زہریلا پراپیگنڈا کرنے والوں کو احتساب کے کٹہرے میں لایا جائے گا ،صحت مند معاشرے کیلئے تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں بہت ضروری ہیں.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز 13ویں انٹر سکول جمناسٹک چیمپئن شپ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا – انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کیلئے تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں بہت ضروری ہیں،بچوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف لانا معاشرے اور حکومت کی ذمہ داری ہے، جس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں – انہوں نے کہا کہ اگلے سال ملک کی پہلی یوتھ گیمز ہونے جارہی ہیں،خواہش ہے کہ 2028 گیمز میں پاکستان کی طرف سے درجنوں ارشد ندیم جیسے کھلاڑی سامنے لائے جائیں.

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کو بار بار روکنے کی کوشش کی گئی، 2017 میں جمہوری حکومت کا خاتمہ کرکے جھوٹے کیس میں محمد نواز شریف کو نااہل کیا گیا، رہی سہی کسر اناڑی حکومت نے پوری کر دی اور ملک کو دیوالیہ ہونے کے قریب لا کر کھڑا کر دیا ، ہم نے اس ملک کو نہ صرف دیوالیہ ہونے سے بچایا بلکہ اس ملک کو معاشی قوت بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں ، اب کسی کو اس ترقی کے سفر کو روکنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جا سکتی .

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم اعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں سفارتی کامیابیوں کا سفر جاری ہے، ملکی معیشت بھی درست سمت میں گامزن ہو چکی ہے ، دنیا میں پاکستان کو عزت و تکریم کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے، اندھیروں کا سفر اب ختم ہو چکا ہے ، ملک روشنیوں اور ترقی کی جانب گامزن ہے ،عوام کو مزید خوشخبریاں دیں گے ۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاک فوج قومی سلامتی کیلئے دن رات قربانیاں دے رہی ہے، قوم متحد اور متفق ہے کہ اداروں کے خلاف زہریلا پراپیگنڈا کرنے والے اکاونٹس کا احتساب ہو، جنرل فیض حمید کو سزا ایک نئے باب کا آغاز ہے،یہ اختیارات سے تجاوز کا فیصلہ تھا،جنرل فیض کے کیس میں قوم سرخرو ہوئی،ابھی بغاوت اور فارن فنڈنگ سمیت دیگر فیصلے آنا باقی ہیں۔

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ9 مئی کے ذریعے پاکستان کی بنیاد پر حملہ کرنے والوں کا بھی کڑا احتساب ہو گا، بھارت، اسرائیل یا پاکستان مخالف جس بھی ملک سے سوشل میڈیا اکاونٹس استعمال ہورہے ہیں ان کے خلاف کارروائی کا آغاز ہوچکا ہے ، جلد ان منفی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔

مزید خبریں