صحت مند وزن کے حصول کیلئے بروقت اور معیاری نیند بنیادی اہمیت رکھتی ہے، ماہرین صحت

ریاض۔16فروری (اے پی پی):صحت مند وزن کے حصول کیلئے صرف ڈائیٹ اور ورزش ہی نہیں بلکہ بروقت اور معیاری نیند بھی بنیادی اہمیت رکھتی ہے، وزن کم کرنے کی کوشش کرنے والے افراد عموماً خوراک اور ورزش پر بھرپور توجہ دیتے ہیں مگر ایک خاموش عنصر ایسا بھی ہے جو ان کی تمام محنت پر پانی پھیر سکتا ہے اور وہ نیند ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر آپ رات گئے …

ریاض۔16فروری (اے پی پی):صحت مند وزن کے حصول کیلئے صرف ڈائیٹ اور ورزش ہی نہیں بلکہ بروقت اور معیاری نیند بھی بنیادی اہمیت رکھتی ہے، وزن کم کرنے کی کوشش کرنے والے افراد عموماً خوراک اور ورزش پر بھرپور توجہ دیتے ہیں مگر ایک خاموش عنصر ایسا بھی ہے جو ان کی تمام محنت پر پانی پھیر سکتا ہے اور وہ نیند ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر آپ رات گئے تک جاگنے کے عادی ہیں تو ممکن ہے کہ آپ کی وزن گھٹانے کی تمام تدابیر بے اثر ہو رہی ہوں بلکہ نتیجہ اس کے برعکس بھی نکل سکتا ہے۔

اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے جوپیٹر ہسپتال کے انٹرنل میڈیسن کے ڈائریکٹر فزیشن ڈاکٹر امیت صاراف نے کہا ہے کہ دیر سے سونا خصوصاً آدھی رات کے بعد بستر پر جانا جسم کے میٹابولزم، ہارمونز کے توازن اور ہاضمے کے نظام کو متاثر کرتا ہے، جس کے نتیجے میں وزن کم کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ان کے مطابق وزن میں کمی کا بنیادی اصول کیلوریز کو جلانا ہے تاہم جسم کا ایک قدرتی حیاتیاتی نظام بھی ہوتا ہے جو وقت کے ساتھ جڑا ہوا ہے، رات تقریباً ساڑھے دس بجے کے بعد جسم بتدریج ہاضمے کی سست روی کے مرحلے میں داخل ہونا شروع ہو جاتا ہے۔

اگر اس کے بعد بھی انسان جاگتا رہے یا کھانا کھائے تو جسم توانائی کو مؤثر انداز میں استعمال نہیں کر پاتا۔ڈاکٹر امیت صاراف کا کہنا تھا کہ دیر سے سونے کی عادت ہارمونز کے توازن کو بھی بگاڑ دیتی ہے، اس سے بھوک بڑھانے والا ہارمون زیادہ متحرک ہو سکتا ہے جبکہ پیٹ بھرنے کا احساس دینے والا ہارمون کم ہو جاتا ہے، جس کے باعث غیر ضروری کھانے کی خواہش بڑھ جاتی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بہت سے افراد متوازن غذا اور باقاعدہ ورزش کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر پاتے کیونکہ وہ نیند کے وقت اور دورانیے کو نظر انداز کر دیتے ہیں، اگر آپ اپنی حیاتیاتی گھڑی کے خلاف چلتے ہیں تو جسم کے اندرونی نظام متاثر ہوتے ہیں اور یہی چیز وزن میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق بہتر نتائج کے لیے ضروری ہے کہ رات 10 سے 11 بجے کے درمیان سونے کی عادت اپنائی جائے، کم از کم سات سے آٹھ گھنٹے کی نیند لی جائے اور سونے سے چند گھنٹے قبل بھاری کھانے سے پرہیز کیا جائے۔