صدر آزاد جموں و کشمیر کا عشائیہ تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 2 نومبر (اے پی پی) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں موجود سفارتی برادری مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کرنے میں ہماری مدد کرے ۔ اقوام متحدہ کے قیام کا بنیادی مقصد آئندہ نسلوں کو جنگوں کو ہولناک تباہی سے بچانا تھا ۔ اس کے چارٹر میں تمام بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کا وعدہ کیا گیا ہے۔ حق خود ارادیت تمام انسانی حقوق کا منبع اور ماخذ ہے ۔ کشمیر ی قوم اپنے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے گزشتہ 69 برس سے مصروف جدوجہد ہے ۔ جسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بھارت اور پاکستان نے متعدد قرار دادوں میں تسلیم کیا ہے ۔ لیکن بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد سے انکاری ہے ۔ کشمیری قوم بھارت کے تمام تر مظالم، لالچ اور ترغیبات کے باوجود اپنے موقف پر ڈٹی ہوئی ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام ہر روز ایک ریفرنڈم منعقد کرتے ہیں۔ جس کا فیصلہ ہوتا ہے کہ ہمیں بھارت کی غلامی قبول نہیں ۔