صدر آصف علی زرداری کا آپریشن شعبان کی کامیابی پر پاک فوج، ایف سی اور بلوچستان پولیس کو خراج تحسین

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن شعبان کی کامیابی پر پاک فوج، ایف سی اور بلوچستان پولیس کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن شعبان کی کامیابی پر پاک فوج، ایف سی اور بلوچستان پولیس کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا ہے کہ آپریشن شعبان نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ ہماری سکیورٹی فورسز ہر خطرے سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف پراکسی عناصر کو استعمال کرنے والے اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے، قومی عزم ہر سازش سے زیادہ مضبوط ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اور کچھ دیگر ممالک کے پاکستان دشمن عناصر اور ادارے پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیوں کو داغدار کرنے کیلئے کچھ ملک دشمن عناصر کو کرائے کے قاتلوں کے طور پر استعمال کر کے ہمارے حوصلے پست کرنا چاہتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہم پاکستان کی حالیہ کامیابیوں کو منطقی نتیجہ پر پہنچائیں گے اور دہشت گردی کو بھی عوام کی مدد سے شکست دیں گے اور وطن کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست دہشت گردی کے ناسور کو ہر قیمت پر شکست دے گی۔

 

مزید خبریں