صدر آصف علی زرداری کا اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعے پر تعزیتی خط پر روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے اظہار تشکر

اسلام آباد/ماسکو ۔6فروری (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعے پر تعزیتی خط پر روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے اظہار تشکر کیا ہے ۔ جمعہ کو صدر مملکت آصف علی زرداری نے "ایکس " پر اپنے پیغام میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی طرف سے تعزیتی خط کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، روس کی طرف سے یکجہتی کے …

اسلام آباد/ماسکو ۔6فروری (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعے پر تعزیتی خط پر روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے اظہار تشکر کیا ہے ۔ جمعہ کو صدر مملکت آصف علی زرداری نے "ایکس ” پر اپنے پیغام میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی طرف سے تعزیتی خط کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، روس کی طرف سے یکجہتی کے اظہار اور ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف مشترکہ عزم کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

قبل ازیں روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کی پیشکش کا اعادہ کیا ۔ روس کے صدارتی آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے صدر آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف کو ارسال کیے گئے تعزیتی خطوط میں اسلام آباد میں دہشت گرد حملے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عبادت میں مشغول بے گناہ افراد کا قتل بدترین دہشت گردی اور غیر انسانی فعل ہے۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کیساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے روس کی پیشکش کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے اس حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب کیساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔