بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے مالیاتی آڈٹ سے متعلق امور، ادارہ جاتی ریکارڈ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور آڈٹ کے لئے مختلف شعبوں کے مابین رابطہ کاری کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی
صدر اسلامی یونیورسٹی کی زیر صدارت اجلاس، مالیاتی آڈٹ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے مالیاتی آڈٹ سے متعلق امور، ادارہ جاتی ریکارڈ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور آڈٹ کے لئے مختلف شعبوں کے مابین رابطہ کاری کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں نائب صدر (انتظامی و مالیات)پروفیسر ڈاکٹر عبدالرشید، نائب صدر (اکیڈمکس) پروفیسر ڈاکٹر ندیم احمد شیخ، ڈائریکٹر فنانشل آڈٹ نزہت زرین، ڈائریکٹر فنانس ایاز علی، صدر کے مشیر برائے مالیاتی امور فراس الحسین، ایڈیشنل ڈائریکٹر فنانس ڈاکٹر مریم جاوید سمیت فنانشل آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں مالیاتی آڈٹ سے متعلق امور، ادارہ جاتی ریکارڈ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ رکھنے اور آڈٹ کے عمل کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے کے لئے مختلف انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔صدر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے متعلقہ دفاتر کو ہدایت کی کہ تمام امور کو مؤثر رابطہ کاری، ٹیم ورک اور ریکارڈ کی بروقت تازہ کاری کے ذریعے منظم انداز میں حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت، جوابدہی اور مؤثر مالیاتی نظم و نسق کے فروغ کے لئے درست اور مکمل ریکارڈ کی دستیابی ناگزیر ہے جبکہ مربوط کاوشیں ادارے کے آڈٹ نظام کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔








