صدر مملکت آصف علی زرداری کاکرغزستان میں عطا بیئت میموریل کمپلیکس کا دورہ ،کرغز قومی ہیروز اور شہداء کو خراج عقیدت

صدر آصف علی زرداری کا کرغزستان میں قومی ہیروز کو خراجِ عقیدت، دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے عزم کا اظہار

بشکیک۔8جولائی (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کرغزستان کے دورے کے دوران عطا بیئت میموریل کمپلیکس کا دورہ کیا۔ کرغزستان کے قومی ہیروز اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور کرغز پارلیمنٹ کے سپیکر ماماطالییف مارلین عبدالرحمٰن ووچ سے ملاقات میں دوطرفہ پارلیمانی، اقتصادی اور عوامی روابط کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے چونگ تاش میں واقع عطا بیئت میموریل کمپلیکس میں مرکزی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور کرغزستان کی آزادی کی جدوجہد میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے عطا بیئت میموریل میوزیم کا دورہ کیا جہاں کرغزستان کی آزادی کے سفر سے متعلق تاریخی نوادرات کا مشاہدہ کیا۔انہوں نے معروف کرغز ادیب چنگیز آیتماتوف کی یادگار پر بھی حاضری دی۔اس سے قبل صدر آصف علی زرداری کو اسیک کول کے تمچی ہوائی اڈے پر کرغز صدر جباروف نے رخصت کیا جبکہ بشکیک کے مناس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کرغز پارلیمنٹ کے سپیکر ماماطالییف مارلین عبدالرحمٰن ووچ اور کرغزستان میں پاکستان کے سفیر التمش وزیر خان نے ان کا استقبال کیا۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے کرغزستان پارلیمنٹ کے سپیکر نے ارکانِ پارلیمنٹ کے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون، دوطرفہ تجارت، زمینی و فضائی روابط اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان برادرانہ تعلقات مشترکہ مذہبی اقدار، تاریخی روابط، ثقافتی قربت اور باہمی خیرسگالی پر مبنی ہیں۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کے تسلسل کے لئے پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور قومی اسمبلی میں قائم پاکستان-کرغزستان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ سطح کے پارلیمانی روابط دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔صدر مملکت نے کرغزستان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ۔28-2027 کی مدت کے لئے غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر مبارکباد بھی دی۔ ملاقات میں سرٹیفکیشن کے طریقہ کار، طلبہ کے لئے پیشہ وارانہ مواقع اور باہمی تعاون کے دیگر شعبوں میں پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔کرغز پارلیمنٹ کے سپیکر نے صدر مملکت آصف علی زرداری کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کی دیرینہ دوستی کو سراہا اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر صدر کے مشیر ڈاکٹر عاصم حسین، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔ بعد ازاں کرغز پارلیمنٹ کے سپیکر نے صدر آصف علی زرداری کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔

مزید خبریں