صدر مملکت آصف علی زرداری نے اقوام متحدہ کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے بالخصوص پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی، غربت کے خاتمے، تعلیم اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا اقوام متحدہ کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر زور

مزید خبریں
اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے اقوام متحدہ کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے بالخصوص پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی، غربت کے خاتمے، تعلیم اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے ایوان صدر میں صدر مملکت سے الوداعی ملاقات کی۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے ساتھ اپنے قریبی اور کثیرالجہتی تعاون کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور قومی ترقی کی ترجیحات کو آگے بڑھانے کے لیے اقوام متحدہ کی کنٹری ٹیم کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
صدر مملکت نے پولیو کے خاتمے کی پاکستان کی کوششوں کے لیے اقوام متحدہ کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے بینظیر نشوونما پروگرام سمیت ماں، نوزائیدہ اور بچوں کی صحت اور غذائیت کی خدمات کے لیے اقوام متحدہ کے تعاون کو بھی سراہا۔صدر مملکت نے بین الاقوامی انسانی امداد کو مربوط کرنے اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق بڑے پیمانے پر آنے والی آفات کے دوران پاکستان کی معاونت میں اقوام متحدہ کے ادارے اوچا (OCHA) کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اوچا کے ساتھ مسلسل تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو قومی نظاموں کی معاونت اور حکومت کی قیادت میں آفات سے نمٹنے کے ردعمل کو مزید موثر بنانے میں معاون ہو۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان پائیدار ترقی کے لیے پرعزم ہے اور موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔
انہوں نے لیونگ انڈس انیشی ایٹو اور ری چارج پاکستان سمیت مختلف اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ ترقیاتی اور موسمیاتی مالی معاونت کے حصول کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔صدر آصف علی زرداری نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے تعاون کے فریم ورک 2023-27 کے تحت مزید پیش رفت جاری رہے گی۔
محمد یحییٰ نے صدر مملکت کو بتایا کہ انہیں اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امور (OCHA) میں اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل مقرر کیا گیا ہے اور توقع ہے کہ وہ ستمبر 2026ء تک اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے انہیں نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی، نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔








