صدر مملکت آصف علی زرداری کی برطانیہ کے نو منتخب وزیراعظم اینڈی برنہم کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر دلی مبارکباد

صدر مملکت آصف علی زرداری کی برطانیہ کے نو منتخب وزیراعظم اینڈی برنہم کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر دلی مبارکباد

اسلام آباد۔20جولائی (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے برطانیہ کے نو منتخب وزیراعظم اینڈی برنہم کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر دلی مبارکباد دی ہے۔پیر کوایکس پر اپنے تہنیتی پیغام میں صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم اینڈی برنہم کی قیادت میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ دوطرفہ شراکت داری مزید مضبوط ہوگی اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت ملے گی۔صدر آصف علی زرداری نے مکالمے، سفارت کاری اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ فروری کے آخر سے دنیا بالخصوص خلیجی خطہ ایک ہنگامہ خیز دور سے گزر رہا ہے اور پاکستان نے متعدد برادر ممالک کے تعاون سے امن کے فروغ میں اپنا موثر کردار ادا کیا ہے۔صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم اینڈی برنہم کی قیادت میں برطانیہ بھی موجودہ کشیدگی اور دشمنیوں کے خاتمے، جنگ بندی کے قیام اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی جانب واپسی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرے گا۔صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم اینڈی برنہم کے لیے ان کی نئی ذمہ داریوں میں کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرپا اور مضبوط تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔

 

مزید خبریں