صدر مملکت ممنون حسین کا رمضان المبارک کے آغاز پر قوم کے نام پیغام

اسلام آباد ۔ 16 مئی (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے رمضان المبارک میں پیدا ہونے والی بابرکت کیفیات سے فائدہ اٹھا کر معاشرہ میں اعتماد، رواداری اور منصفانہ طرز عمل کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ ِمبارک امن، سلامتی، محبت، بھائی چارے اور دکھی انسانوں کی ضروریات پوری کرنے کے علاوہ معاشرے میں انصاف کے فروغ اور لوگوں کے ساتھ …

اسلام آباد ۔ 16 مئی (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے رمضان المبارک میں پیدا ہونے والی بابرکت کیفیات سے فائدہ اٹھا کر معاشرہ میں اعتماد، رواداری اور منصفانہ طرز عمل کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ ِمبارک امن، سلامتی، محبت، بھائی چارے اور دکھی انسانوں کی ضروریات پوری کرنے کے علاوہ معاشرے میں انصاف کے فروغ اور لوگوں کے ساتھ یکساں طرزِ عمل اختیار کرنے کی تربیت کے بہترین مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بات رمضان المبارک کے آغاز پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہی۔ صدر مملکت نے نیکیوں کے موسم بہار یعنی ماہ ِرمضان المبارک کی آمد پر دنیا بھر کے مسلمانوں ، خاص طور پر پاکستانی عوام کو دل کی گہرائی سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کی ہر عبادت انسان کی تربیت اور تزکیہ کا ذریعہ بنتی ہے لیکن روزہ ایک ایسی عبادت ہے جو کسی نمائش کے بغیر انسان کی روحانی بالیدگی اور اﷲ کی ر ضا اور خوشنودی کا بہترین ذریعہ بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ماہِ مبارک میں بھوک اور پیاس کے ذریعے انسان کو جہاں غریبوں، ناداروں اور مفلوک الحال طبقات کے مسائل کا احساس دلانا مقصود ہے، وہیں اس کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ معاشی اور غیر معاشی، ہر سطح پر انصاف کو فروغ دیا جائے تاکہ معاشرے میں توازن پیدا کرکے بگاڑ کا ہر راستہ بند کر دیا جائے کیونکہ انصاف کے معاملات میں اگر پسند اور ناپسند کا رویہ روا رکھا جائے تو اس کے نتیجہ میں معاشرہ انتشار سے دوچار ہو جاتا ہے۔