صدر مملکت ممنون حسین کا سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کوئٹہ کے نویں کانووکیشن سے خطاب

کوئٹہ ۔4 اپریل(اے پی پی ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل اور نوجوان اس کے معمار ہیں، پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ اپنے قدرتی وسائل کی بدولت تاریخ کا دھارا بدلنے والا ہے جس کے بعد صوبے پر خوشحالی کے دروازے کھل جائیں گے، اس لئے بلوچستان کے عوام سازشوں کو ناکام بنا کر اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنائیں۔ صدر مملکت …

کوئٹہ ۔4 اپریل(اے پی پی ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل اور نوجوان اس کے معمار ہیں، پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ اپنے قدرتی وسائل کی بدولت تاریخ کا دھارا بدلنے والا ہے جس کے بعد صوبے پر خوشحالی کے دروازے کھل جائیں گے، اس لئے بلوچستان کے عوام سازشوں کو ناکام بنا کر اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنائیں۔ صدر مملکت نے یہ بات کوئٹہ میں سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کوئٹہ کے نویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے بھی خطاب کیا جبکہ صدر مملکت نے جامعہ سے فارغ التحصیل ہونے والی طالبات کو ڈگریاں اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں اعزازات تقسیم کیے۔ صدر مملکت نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ حقیر مفادات سے بلند ہو کر قومی ترقی کے لیے کام کیا جائے اور ماضی کی تلخیوں کو فراموش کر کے اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے آگے بڑھا جائے۔ انھوں نے کہاکہ پاکستانی بچیاں تعلیم کے لیے دنیا بھر میں جائیں لیکن اجنبی تہذیبوں کی اندھی تقلید سے بچیں۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان میں سو فیصد امن بحال کردیا گیا، دہشت گردی کے بچے کھچے اثرات کا بھی جلد خاتمہ کردیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں نے امن کے لیے بہت قربانیاں دیں ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری جیسے عظیم الشان منصوبوں کے تناظر میں بلوچستان کے نوجوانوں اور خاص طور پر بچیوں کو اپنے علم و ہنر کے بل پر کلیدی کردار ادا کرنا ہے۔ اقتصادی راہداری کی شکل میں جو مواقع پیدا ہونے جا رہے ہیں، ان سے فائدہ اٹھانے کے لیے ماضی سے کہیں بڑھ کر علم، اہلیت اور کارکردگی کی ضرورت ہوگی۔