صدر مملکت ممنون حسین کا قومی کتا ب میلہ کے موقع پر خصوصی پیغام

اسلام آباد ۔4 اپریل(اے پی پی ) صدر مملکت ممنون حسین نے قومی کتاب میلہ کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مطالعہ سے محبت اور لائبریریوں سے رغبت کا عمل فرد اور معاشرہ دونوں کو وقار بخشتا ہے، کتاب انسانی فکر و شعور کو بلندی اور پختگی عطاکرتی ہے اور معاشرے میں اعتدال، رواداری و برداشت جیسی روایات کو مضبوط کرکے اس دنیا کو رہنے کے قابل …

اسلام آباد ۔4 اپریل(اے پی پی ) صدر مملکت ممنون حسین نے قومی کتاب میلہ کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مطالعہ سے محبت اور لائبریریوں سے رغبت کا عمل فرد اور معاشرہ دونوں کو وقار بخشتا ہے، کتاب انسانی فکر و شعور کو بلندی اور پختگی عطاکرتی ہے اور معاشرے میں اعتدال، رواداری و برداشت جیسی روایات کو مضبوط کرکے اس دنیا کو رہنے کے قابل بنا دیتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے زیر اہتمام قومی کتا ب میلہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ 9واں سالانہ قومی کتاب میلہ (کل) جمعہ سے پاک۔چائنا سینٹر میں شروع ہو رہا ہے۔ صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ فروغ کتب بینی کےلئے قومی سطح پر نیشنل بک فاﺅنڈیشن کا سالانہ کتاب میلہ ایک شاندار روایت کی حیثیت اختیار کر چکا ہے، اس قسم کے ادبی تہوار اب دوسرے اداروں میں بھی منائے جا رہے ہیں جو خوش آئند ہے، کتابوں کے حوالہ سے اس طرح کی سرگرمیاں اور اجتماعات قومی اتحاد و یگانگت، امن و اخوت اور خوشحالی کے فروغ کا ذریعہ بنتے ہیں۔ قومی تاریخ و ادبی ورثہ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن نے مختصر عرصہ میں اپنے زیر انتظام علمی، ادبی اور تاریخی و ثقافتی اداروں میں ایک نئی روح پھونک دی ہے، یہ پہلو طمانیت بخش ہے کہ اب یہ ادارے اپنے مقاصد کےلئے عزم نو کے ساتھ سرگرم عمل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن اور نیشنل بک فاﺅنڈیشن کتاب کے ذریعے جہالت کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ واضح رہے کہ 6 اپریل کو پاک۔چائنا سینٹر میں میلے کا آغاز کتاب پرچم لہرانے کی تقریب سے ہو گا ، سکولوں کے بچے کتاب کا ترانہ پیش کریں گے۔