اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے باہمی تجارت میں اضافہ کے ذریعے پاک۔افغان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں استحکام سے وسطی ایشیائی ممالک اور پاکستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ میں اضافہ ہو گا، افغانستان میں امن سے کاسا - 1000 ،تاپی اور ٹی اے پی منصوبوں پر عملدرآمد میں تیزی آئے گی ۔ ان خیالات کا اظہار …
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے افغانستان میں پاکستان کے نامزد سربراہِ مشن عبید الرحمٰن نظامانی کی ملاقات
اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے باہمی تجارت میں اضافہ کے ذریعے پاک۔افغان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں استحکام سے وسطی ایشیائی ممالک اور پاکستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ میں اضافہ ہو گا، افغانستان میں امن سے کاسا – 1000 ،تاپی اور ٹی اے پی منصوبوں پر عملدرآمد میں تیزی آئے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے افغانستان میں پاکستان کے نامزد سربراہِ مشن عبید الرحمٰن نظامانی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاک ۔افغان تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافت اور عقیدے پر مبنی ہیں ، دوطرفہ تجارت کے فروغ ، تاجر برادری کے ساتھ نیٹ ورکس کی تعمیر اور اشیاء کی کلیئرنس ہموار بنا کر تعلقات مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن اسے خطے میں تجارتی اور توانائی کی راہداری بنانے کی راہ ہموار کرے گا ، افغانستان میں استحکام سے وسطی ایشیائی ممالک اور پاکستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ میں بھی تیزی آئے گی ، افغانستان میں امن سے کاسا – 1000 ،تاپی اور ٹی اے پی منصوبوں پر عملدرآمد میں تیزی آئے گی ۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان افغان طلباء کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور ورچوئل یونیورسٹی کے آن لائن یا ریکارڈ شدہ تعلیمی پیکیجز پیش کر سکتا ہے ، پیکیجز سے افغان طلباء کو تعلیمی اداروں میں جائے بغیر معیاری تعلیم حاصل کرنے میں مدد ملےگی۔ صدر عارف علوی نے دونوں ممالک کے درمیان اشیا کے تبادلے میں تیزی لانے کیلئے سرحدی منڈیوں کے قیام اور ریگولرائزیشن پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے جلد خراب ہونے والی اشیا کے ضیاع کو کم کرنے اور سرحدی علاقوں کئ عوام کی معاشی بہبود میں مدد ملے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مشن کے نئے سربراہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے میں کردار ادا کریں گے۔









