صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انسدادِ ریپ آرڈیننس2020 ء کی منظوری دے دی، خصوصی عدالتیں جنسی زیادتی کے کیسز 4 ماہ کے اندرنمٹائیں گی

اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انسدادِ ریپ آرڈیننس2020 ء کی منظوری دے دی ہے۔ منگل کو ایوان صدر کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق آرڈیننس سے عورتوں اور بچوں کے خلاف جنسی زیادتی کے معاملات کو جلد نمٹانے میں مدد ملے گی۔جنسی زیادتی کے ملزمان کے تیز ٹرائل اور کیسز جلد از جلد نمٹانے کیلئے ملک بھر میں اسپیشل کورٹس کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔خصوصی عدالتیں 4 ماہ کے اندر جنسی زیادتی کے کیسز کو نمٹائیں گی۔آرڈیننس کے تحت وزیرِ اعظم انسدادِ جنسی زیادتی کرائسس سیلز کا قیام عمل میں لائیں گے۔کرائسس سیل 6 گھنٹے کے اندر اندر میڈیکو-لیگل معائنہ کرانے کا مجاز ہو گا۔نادرا کی مدد سے قومی سطح پر جنسی زیادتی کے مجرمان کا رجسٹر تیار کیا جائے گا۔آرڈیننس کے تحت جنسی زیادتی کے متاثرین کی شناخت ظاہر کرنے پر پابندی اور قابلِ سزا جرم قراردیا ہے۔