صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا اسلامی نظریاتی کونسل کے نام پیغام

اسلام آباد ۔ 2 اپریل (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل کا ایک آئینی ادارہ ہونے کے ناطے صفائی، ورثہ، ناقص غذا، بچوں کی پیدائش میں وقفہ، ماحولیات اور پانی کی بچت سمیت اہم سماجی معاملات پر منفرد کردار کا حامل ہے، اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے نام اپنے پیغام میں صدر مملکت نے ہدایت کی …

اسلام آباد ۔ 2 اپریل (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل کا ایک آئینی ادارہ ہونے کے ناطے صفائی، ورثہ، ناقص غذا، بچوں کی پیدائش میں وقفہ، ماحولیات اور پانی کی بچت سمیت اہم سماجی معاملات پر منفرد کردار کا حامل ہے، اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے نام اپنے پیغام میں صدر مملکت نے ہدایت کی کہ حضرت محمد ۖ کے سنہری دور کی طرح منبر کے اصل کردار کو عوام تک پہنچایا جائے۔ صدر مملکت نے زور دیاکہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، امام صاحبان ہر جمعہ کو کمیونٹی سے منبر کے ذریعے مخاطب ہوتے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ وہ عوام کی رہنمائی کریں اور انہیں اہم سماجی معاملات، عبادات، رسم رواج کے حوالے سے ہدایات دیں۔ انہوں نے کہاکہ طہارت سنت ہے اور اس سنت پر عمل پیراہو کر ہم متعدی امراض پر قابو پاسکتے ہیں جو کہ پاکستان میں کل بیماریوں کا 41 فیصد ہے، اس ضمن میں مسواک اور وضو کی سنت مثالی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اسلام میں وراثت کے واضح قوانین ہیں اور ان قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کا ٹھکانہ جہنم قرار دیا گیا ہے تاہم ابھی تک خواتین کو وراثت سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ صرف قوانین ہی کافی نہیں ہیں بلکہ منبر کو بھی ان قوانین پر عمل کرنے کے لئے استعمال کیا جانا چاہیے۔ صدر مملکت نے چھوٹی عمر میں بچیوں کی شادی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس وجہ سے اوائل عمر میں حمل کا نتیجہ ناقص غذا اور کمزور نشوونما کی صورت میں نکلتا ہے۔ انہوں نے اسلامی نظریاتی کونسل پر زور دیا کہ وہ امام صاحبان کو ہدایت کریں کہ وہ اپنی کمیونٹی کے افراد کو کمزور نشوونما، بچوں کی پیدائش میں وقفہ اور ماں کے دودھ پلانے کے بارے میں رہنمائی کریں۔ صدر مملکت نے کہاکہ اسلام ماحولیات کے تحفظ پر زور دیتا ہے اور منبر کو صاف و سرسبز پاکستان کی حقیقت سے آگاہ کرنے کے لئے استعمال میں لائیں، اس ضمن میں حضورۖ کی احادیث ہمارے رہنمااصول ہونے چاہئیں۔ صدر مملکت نے اسلامی نظریاتی کونسل کو آئین کے آرٹیکل 230 ون اے کا حوالہ دیا جو اسلامی نظریاتی کونسل کو یہ ذمہ داری دیتا ہے کہ وہ قانون ساز اداروںکی رہنمائی کرے تاکہ پاکستان کے مسلمانوں کو اس قابل اور ان کی حوصلہ افزائی ہو کہ وہ اپنی انفرادی یا اجتماعی زندگیاں قرآن و سنت کے مطابق ڈھال سکیں۔ انہوں نے اسلامی نظریاتی کونسل کو دعوت دی کہ وہ ان پیغامات کی روشنی میں آگاہی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

مزید خبریں

Leave a Reply