اسلام آباد ۔ 6 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں تجارت اور صنعت کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے، تاجر برادری کو سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں، ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے سرکاری اور نجی شعبوں کو قریبی تعاون کے ذریعے مل کر کام کرنا ہو گا۔ وہ بدھ کو آل …
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا اپٹما کے وفد سے بات چیت کے دوران اظہار خیال

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 6 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں تجارت اور صنعت کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے، تاجر برادری کو سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں، ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے سرکاری اور نجی شعبوں کو قریبی تعاون کے ذریعے مل کر کام کرنا ہو گا۔ وہ بدھ کو آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔ صدر مملکت نے ملک کی اقتصادی ترقی میں نجی شعبہ بالخصوص آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تمام شعبوں اور ٹیکسٹائل کے شعبہ میں خصوصی طور پر ویلیو ایڈیشن بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنی جگہ بنانے کیلئے بہت اہم ہے۔ اس موقع پر اپٹما کے وفد نے صدر مملکت کو بتایا کہ اگلے پانچ سالوں میں ٹیکسٹائل کی برآمدات کو دوگنا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ برآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارہ میں کمی موجودہ حکومت کی حکمت عملی کا اہم جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کے اکنامک سٹرکچر کو بہتر بنانے اور کاروبار کرنے کی لاگت میں کمی لانے کے حوالہ سے پرعزم ہے، حکومت نے زیرو ریٹڈ برآمدی شعبوں بشمول ٹیکسٹائل، لیدر، کارپٹس، آلات جراحی اور کھیلوں کے سامان کی تیاری جیسے شعبوں کیلئے گیس، آر ایل این جی اور بجلی کی قیمتوں کو متناسب بنایا ہے جبکہ ان کیلئے سیلز ٹیکس کے حوالہ سے زیرو ریٹنگ کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت آئندہ پانچ سال کیلئے سٹرٹیجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک تشکیل دے رہی ہے جس میں پیداواری لاگت میں کمی لانے اور برآمدی شعبوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت 2019ءتا 2024ءکے عرصہ کیلئے تیسری ٹیکسٹائل پالیسی پر بھی کام کر رہی ہے اور اعلیٰ معیار کے کاٹن بیجوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ صدر مملکت نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ تاجروں کی جانب سے تمام ٹیکسز ادا کئے جانے کی حوصلہ افزائی کیلئے اپنا کردار ادا کرے تاکہ بجٹ خسارہ میں کمی لائی جا سکے اور ترقیاتی کاموں کیلئے زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے سرکاری اور نجی شعبوں کو قریبی تعاون کے ذریعے مل کر کام کرنا ہو گا۔








