اسلام آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کی قیادت اپنے اپنے ملکوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے ایک جیسے خیالات اور ویژن رکھتی ہے۔ وہ پیر کو یہاں ایوان صدر میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے اعزاز میں ظہرانے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعظم عمران خان، وفاقی وزرائ، اعلٰی …
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے اعزاز میں ظہرانے کی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کی قیادت اپنے اپنے ملکوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے ایک جیسے خیالات اور ویژن رکھتی ہے۔ وہ پیر کو یہاں ایوان صدر میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے اعزاز میں ظہرانے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعظم عمران خان، وفاقی وزرائ، اعلٰی فوجی و سیاسی قیادت، سفارتکار اور دیگر اعلٰی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک ہمیشہ سے بااعتماد دوست ہیں جو بھائی چارہ اور مذہب کے مضبوط رشتے میں بندھے ہیں۔ صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ ہر آزمائش میں پورا اترنے والے دوستی کے تعلقات اور قریبی تعاون وقت کے ساتھ مزید فروغ پائیں گے، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان جغرافیائی لحاظ سے تو فاصلہ ہے لیکن ہمارے دل ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے قیام سے ان تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ صدرمملکت نے سیاحت کے حوالے سے سعودی قیادت کے ویژن 2030 اور ملک میں جدت کے لئے متعارف کرائے گئے اقدامات کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں قریبی تعاون اور سرمایہ کاری کے نئے مرحلے جلد ظاہر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی کے سنگم پر ہے اور پاکستانی قیادت کی سمت سعودی قیادت کی طرح بدعنوانی کے خاتمے اور ترقی کے حصول کی جانب ہے۔ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ بڑی بہادری سے لڑی ہے اور اب یہ خوشحالی کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ صدر مملکت نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کے شمالی علاقہ جات کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔ اس موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے خطاب میں پرتپاک میزبانی کرنے پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات مسلم اتحاد و بھائی چارے کے اصولوں پر مبنی ہیں اور یہ دوسروں کے لئے قابل تقلید مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے لئے بھی فائدہ مند ثابت ہوئے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے بانیان نے ان تعلقات کی بنیاد سچائی پر رکھی اور قیام پاکستان کے وقت سے یہ قریبی تعلقات قائم ہیں۔ سعودی ولی عہد نے اپنے ملک کی ترقی کے عمل میں پاکستانیوں کی خدمات کو اجاگر کیا اور کہا کہ 20 لاکھ سے زائد پاکستانی سعودی عرب کی ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی بھائیوں نے بڑے بڑے منصوبوں کے ذریعے سعودی عرب کی ترقی کے عمل میں حصہ لیا۔ دریں اثنا آرمی کے ایک بینڈ نے مختلف لوک گیتوںکی دھنیں پیش کیں جنہیں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ان کے وفد کے ارکان نے بے حد سراہا۔ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بعد ازاں صدر مملکت عارف علوی نے ایوان صدر کے مرکزی دروازے پر معزز مہمان کو الوداع کہا۔ وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ہمراہ ایوان صدر سے نور خان ایئر بیس تک خود گاڑی چلائی۔








