اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم اور قابل قدر حصہ ہیں اور تعلیم سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں ان کے حقوق کو یقینی بنایا جانا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں احساس پروگرام کے تحت معذوری کے خاتمہ میں سول سوسائٹی کے کردار سے متعلق ایک …
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا معذوری کے خاتمہ میں سول سوسائٹی کے کردار سے متعلق اجلاس سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم اور قابل قدر حصہ ہیں اور تعلیم سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں ان کے حقوق کو یقینی بنایا جانا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں احساس پروگرام کے تحت معذوری کے خاتمہ میں سول سوسائٹی کے کردار سے متعلق ایک پریزنٹیشن کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر غربت کے خاتمہ و سماجی تحفظ سے متعلق وزیراعظم کی خصوصی معاون ڈاکٹر ثانیہ نشتر، صحت سے متعلق وزیراعظم کے خصوصی معاون ڈاکٹر ظفر مرزا، رکن قومی اسمبلی کشور زہرہ، پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر عون عباسی بپی اور عالمی ادارہ صحت، غیر سرکاری تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ خصوصی افراد خصوصی توجہ کے مستحق ہیں کیونکہ انہیں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت حکومت ان کے حقوق کے تحفظ اور انہیں ہر قسم کی سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو معاشرے میں قومی دھارے میں لانے اور سماجی، اقتصادی اور سیاسی فیصلہ سازی کے عمل میں شریک کرنے کیلئے تمام طبقات کو حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سکولوں میں خصوصی افراد کی تعلیم پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدرمملکت نے کہا کہ خصوصی افراد کی مختلف مقامات تک رسائی ایک بڑا مسئلہ ہے اس لئے بحیثیت معاشرہ اس سلسلہ میں مل کر کام کرنا ہو گا اور خصوصی افراد کیلئے روزگار کے بامقصد مواقع پیدا کرنا ہوں گے تاکہ وہ ملکی ترقی میں اپنا تعمیری کردار ادا کر سکیں۔








