صدر ٹرمپ ایران کے ساتھ چھوٹا معاہدہ نہیں بڑی بارگین کرنا چاہتے ہیں ، جے ڈی وینس

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ ایران کے ساتھ چھوٹا معاہدہ نہیں بلکہ بڑی بارگین کرنا چاہتے ہیں۔

واشنگٹن ۔15اپریل (اے پی پی):امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ ایران کے ساتھ چھوٹا معاہدہ نہیں بلکہ بڑی بارگین کرنا چاہتے ہیں۔بی بی سی کے مطابق امر یکی ادارے ٹرننگ پوائنٹ یو ایس اے کے زیر اہتمام ایک گفتگو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ اگر ایران وعدہ کرے کہ وہ جوہری ہتھیار نہیں بنائے گا تو ہم یقینی بنائیں گے کہ وہ معاشی طور پر خوشحال ہو،یہ ہے وہ پیشکش جو امریکی صدر ایران کو کر رہے ہیں اور اسے ممکن بنانے کے لیے مذاکرات جاری رکھیں گے۔جے ڈی وینس کے مطابق صدر ٹرمپ نے ان سے کہا تھا کہ پاکستان میں اچھی نیت سے ایران کے ساتھ مذاکرات کریں، تاہم انھوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ امریکا اور ایران میں بہت بد اعتمادی ہے جو ایک رات میں ختم نہیں ہو سکتی،اس کے باوجود امریکی نائب صدر دونوں ممالک کے درمیان پیشرفت سے مطمئن نظر آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اچھی بات یہ ہے کہ جنگ بندی جاری ہے اور پیشرفت بارے ہم اچھا محسوس کر رہے ہیں۔