صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 18 ستمبر (اے پی پی) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہم کشمیری عوام کے ساتھ ہیں اورمسئلہ کشمیر کو عالمی فورم پر اٹھانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے،بھارت اپنی 9لاکھ فوج کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں ظلم ڈھا رہا ہے اور وہاں کی آئینی صورتحال بھی تبدیل کردی ہے، ہم اس تمام تر صورتحال میں مقبوضہ کشمیرکے عوام کو سلام پیش …

اسلام آباد ۔ 18 ستمبر (اے پی پی) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہم کشمیری عوام کے ساتھ ہیں اورمسئلہ کشمیر کو عالمی فورم پر اٹھانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے،بھارت اپنی 9لاکھ فوج کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں ظلم ڈھا رہا ہے اور وہاں کی آئینی صورتحال بھی تبدیل کردی ہے، ہم اس تمام تر صورتحال میں مقبوضہ کشمیرکے عوام کو سلام پیش کرتے ہیں کہ وہ اس تمام تر مشکل صورتحال کے باوجود اپنی جدوجہد کوبڑے عزم و حوصلے سے جاری رکھے ہوئے ہیں اس ساری صورتحال میں بھارت دنیا کے سامنے اپنے مکروہ عزائم کی وجہ بے نقاب ہو رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایوان صدر اسلام آباد میں آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ملاقات میں کیا۔اس موقع پر پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بیرون ملک کشمیریوں اورپاکستانیوں کی جانب سے مسئلہ کشمیر کوکورونا کی صورتحال کے باوجود عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے وجہ سے مسئلہ کشمیرکو انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے اٹھانے میں جوکمی آئی تھی اسے دوبارہ اس نہج پر پہنچانے کے لیے کوششیں شروع کردی گئی ہیں اس سلسلہ میں بیرون ملک مقیم کشمیریوں نے مظاہروں اور سفارتی سطح پرمسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیزتر کر دی ہیں۔سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اب کرونا کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد ہم تمام فورمز پر مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں اٹھانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔