گورنر سندھ سے سی ای او کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی ملاقات،غیر قانونی ہائیڈرینٹس کے خلاف بلاامتیاز کی ہدایت
گورنر سندھ سے سی ای او کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی ملاقات،غیر قانونی ہائیڈرینٹس کے خلاف بلاامتیاز کی ہدایت

مزید خبریں
کراچی۔ 02 ستمبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے سی ای او کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن احمد علی صدیقی نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی اور کراچی میں پانی و سیوریج کے نظام کی بہتری، جاری ترقیاتی منصوبوں، شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی اور کارپوریشن کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔بدھ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی اور ٹینکر مافیا سے نجات دلانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ غیر قانونی ہائیڈرینٹس کے خلاف بلاامتیاز موثر کارروائی کی جائے اور پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی اور سیوریج کے دیرینہ مسائل کے مستقل حل کے لیے جامع حکمتِ عملی مرتب کی جائے، جبکہ شہر کے متاثرہ علاقوں میں فراہمی آب اور سیوریج کا نظام فوری بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی بروقت اور بلاتعطل فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ کراچی کے عوام کو ریلیف دینا حکومت اور متعلقہ اداروں کی اولین ذمہ داری ہے، اس لیے پانی کی مسلسل، بلاتعطل اور منصفانہ فراہمی کے لیے موثر اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر سی ای او کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن احمد علی صدیقی نے گورنر سندھ کو کارپوریشن میں جاری اصلاحات اور نئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ کارپوریشن کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آ رہی ہے، جبکہ وصولیوں اور ریونیو میں اضافے کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پانی کی چوری کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ پانی کی اہم لائنوں اور تنصیبات کے تحفظ کے لیے جیو فینسنگ کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ اسٹاف کی پیشہ ورانہ تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ ادارے کی استعدادِ کار اور خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔سی ای او نے یقین دہانی کرائی کہ گورنر سندھ کے احکامات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا اور شہریوں کو صاف پانی کی مسلسل، بلاتعطل اور منصفانہ فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔







