حضور اکرم ؐ اور امام جعفر صادقؓ کی ولادتِ باسعادت کے حوالے سے محافلِ میلاد

لاڑکانہ میں حضور اکرم ؐ اور امام جعفر صادق ؓ کی ولادتِ باسعادت کے حوالے سے محافلِ میلاد کا سلسلہ جاری ہے۔جناح باغ میں انجمن سپاہِ عباس، امام بارگاہ سید منظور حسین شاہ کاظمی کی جانب سے ولادتِ باسعادت کی مناسبت سے محفلِ میلاد کا انعقاد کیا گیا

لاڑکانہ۔ 02 ستمبر (اے پی پی):لاڑکانہ میں حضور اکرم ؐ اور امام جعفر صادق ؓ کی ولادتِ باسعادت کے حوالے سے محافلِ میلاد کا سلسلہ جاری ہے۔جناح باغ میں انجمن سپاہِ عباس، امام بارگاہ سید منظور حسین شاہ کاظمی کی جانب سے ولادتِ باسعادت کی مناسبت سے محفلِ میلاد کا انعقاد کیا گیا، جس میں معروف عالمِ دین علامہ سید شہنشاہ نقوی نے حضور اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ؐ اور امام جعفر صادق ؓ کی سیرتِ طیبہ اور تعلیمات پر روشنی ڈالی۔

دوسری جانب قدیم انجمن پنجتنی کھچی امام بارگاہ لاڑکانہ میں بھی ولادتِ مبارک کی مناسبت سے محفلِ میلاد النبیؐ کا پروگرام منعقد کیا گیا، جس سے عالمی شہرت یافتہ مذہبی اسکالر علامہ سید عروج زیدی نے خطاب کیا۔محفل کے دوران عالمی شہرت یافتہ منقبت خواں تابش محمود سلطانی نے بارگاہِ رسالتؐ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ محفلِ میلاد رات گئے تک جاری رہی، جس میں ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔

آخر میں لاڑکانہ کے بزرگ شیعہ رہنما صدر انجمن پنجتنی کھچی امام بارگاہ اور جامع مسجد و مدرسہ العصر کھچی کمپلیکس زوار اعجاز حسین کھچی نے دعا کرائی۔اس موقع پر ایس ایس پی لاڑکانہ کی ہدایات پر محفل اور شرکاء کی حفاظت کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔