وفاقی وزیرسید مصطفیٰ کمال سے اسلام آباد ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی کےارکان کی ملاقات، لائسنسنگ کے عمل کو فوری طور پر دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت
وفاقی وزیرسید مصطفیٰ کمال سے اسلام آباد ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی کےارکان کی ملاقات، لائسنسنگ کے عمل کو فوری طور پر دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت
اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت سیدمصطفیٰ کمال سے اسلام آباد ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی (آئی ایچ آر اے) کے ارکان نے ملاقات کی، ملاقات میں اسلام آباد میں ہیلتھ کیئر اداروں کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے عمل کی بحالی اور اسے مؤثر بنانے کے حوالے سے اہم امور پر غور کیا گیا۔ترجمان وزارتِ صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں آئی ایچ آر اے کو لائسنسنگ کے عمل کو فوری طور پر دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ملاقات کے دوران بتایا گیا کہ سابق آئی ایچ آر اے بورڈ کی جانب سے لائسنسنگ کا عمل روک دیا گیا تھا، جبکہ اسلام آباد میں صحت کی سہولیات کی جانب سے لائسنس کے حصول کے لیے تقریباً 800 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔وزیر صحت نے ہدایت کی کہ رجسٹریشن بورڈ تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے لائسنس جاری کرنے کا عمل شروع کرے اور صحت کے اداروں کی رجسٹریشن و لائسنسنگ کے زیرِ التوا کیسز کو تیزی سے نمٹایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پہلے سے مکمل اور تیار کیسز پر فوری کارروائی شروع کی جائے۔زیرِ التوا کیسز نمٹانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر قابلِ عمل اہداف مقرر کیے جائیں۔اسلام آباد کی تمام متعلقہ صحت کی سہولیات کو رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے طریقہ کار سے متعلق تحریری معلومات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کیئر اداروں کی رہنمائی کے لیے مؤثر آگاہی اور سہولت کاری مہم شروع کی جائےجبکہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے باقاعدہ اور مؤثر کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرایا جائے۔
تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ہیومن ریسورس کی کمی کو دور کیا جائے تاکہ انسپیکشن، رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ یا تاخیر نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں صحت کی سہولیات کی مؤثر نگرانی اور ریگولیشن کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی کا بنیادی مقصد اسلام آباد میں محفوظ، معیاری اور مؤثر صحت کی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے، اس مقصد کے لیے تمام سرکاری و نجی ہیلتھ کیئر اداروں کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ کا عمل قانون کے مطابق مکمل کرنا ضروری ہے۔وزیر صحت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد میں صحت کے اداروں کی مؤثر نگرانی، معیارِ صحت کی بہتری اور شہریوں کو محفوظ طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ریگولیٹری نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔








