صوابی، بیوی کے قتل میں ملوث شوہر سمیت تین ملزمان گرفتار،اسلحہ برآمد

تھانہ صوابی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بیوی کے قتل میں ملوث شوہر سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا ۔

پشاور۔ 14 جولائی (اے پی پی):تھانہ صوابی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بیوی کے قتل میں ملوث شوہر سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا ۔

تر جمان صوابی پولیس کے مطابق اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صوابی وقاص رفیق کی خصوصی ٹاسک پر ڈی ایس پی سرکل صوابی انور خان، ایس ایچ او تھانہ صوابی شہزاد خان اور انچارج چوکی سلیم خان اسد خان معہ نفری پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچ گئے۔ پولیس نے علاقے کا محاصرہ کرتے ہوئے کارروائی کی اور مقتولہ کے شوہر سمیت تینوں ملزمان کو موقع پر ہی رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزمان میں مقتولہ کا شوہر طاہر خان اور مقتولہ کے دو بھائی مسمیان فاروق اور عزیز الرحمان شامل ہیں۔ ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے گھریلو ناچاقی اور سابقہ رنجش کی بنا پر مسماة آمنہ کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔مزید تفتیش سے معلوم ہوا کہ رمضان المبارک کے دوران مقتولہ گھر چھوڑ کر چلی گئی تھی، جس پر ملزمان رنج رکھتے تھے۔ اسی رنجش کی بنا پر انہوں نے منصوبہ بندی کے تحت اس افسوسناک واردات کو انجام دیا۔پولیس نے تینوں ملزمان طاہر خان،فاروق اور عزیزرحمان کو گرفتار کرکے ان سے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ مقدمہ میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔