صوبائی وزیر صحت کی زیر صدارت نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ بارے اہم اجلاس

خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت اہم اجلاس، کینسر، کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹس کی کارکردگی و منصوبوں کا جائزہ

لاہور۔22جون (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ، نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا اور جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور بارے اہم اجلاس منعقدہوا۔

مشیر صحت پنجاب میجر جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں چیئرمین بورڈ و سابق چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ زاہد سعید اور سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے شرکت کی۔ اجلاس میں سی ای او آئی ڈیپ کیپٹن ریٹائرڈ شاہ میر، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ احمد کمال مان، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر حافظ محمد وسیم، ایڈیشنل سیکرٹری امیرا بیدار، چیف پلاننگ آفیسر و دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں تینوں نئے ہسپتالوں کو فعال بنانے کیلئے ہیومن ریسورس اور ادویات کی فراہمی سمیت دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔سی ای او آئی ڈیپ و دیگر افسران نے اس حوالہ سے بریفنگ بھی دی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبہ بھر میں نئے ہسپتالوں کا جال بچھایا جا رہا ہے،حکومت پنجاب عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔تینوں ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو بین الاقوامی سطح کی طبی سہولیات فراہم کریں گے۔اس موقع پر مشیر صحت پنجاب میجر جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا کہ وزیر اعلی اپنی توجہ عوامی خدمت پر مرکوز کئے ہوئی ہیں۔پنجاب کی عوام کو بین الاقوامی سطح کی طبی سہولیات فراہم کرنے جا رہے ہیں۔چیئرمین بورڈ و سابق چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ زاہد سعیدنے کہا کہ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے کینسر کلینک کو جلد عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے کہا کہ تینوں ہسپتالوں کو بروقت مکمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔تینوں اداروں میں ہزاروں مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔