صوبہ میں ماہی پروری اور اس سے وابستہ صنعت کے فروغ کے مواقع موجود ہیں،گورنر خیبر پختونخواکی وفد سے گفتگو
صوبہ میں ماہی پروری اور اس سے وابستہ صنعت کے فروغ کے مواقع موجود ہیں،گورنر خیبر پختونخواکی وفد سے گفتگو
پشاور۔ 05 جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ صوبہ میں ماہی پروری اور اس سے وابستہ صنعت کے فروغ کے مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ کے لئے نیک نیتی اور جامع حکمت عملی ضروری ہے۔ ترجمان گورنر ہاؤس پشاورکے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس پشاور میں ایکوا ٹیک فشریز کے چیئرمین احمد حسین کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔
وفد نے گورنر کو اپنے ادارے کی جاری سرگرمیوں، فشریز سیکٹر کو درپیش اہم چیلنجز اور خیبرپختونخوا میں آبی زراعت کے فروغ و توسیع کے لیےجاری اقدامات سے آگاہ کیا۔ گورنر نے کہا کہ صوبے بھر میں فش فارمنگ کے شعبے کو مضبوط بنانے اور اس کی ترقی کے لیے متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعاون و رابطہ کاری ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو اس جانب خصوصی توجہ مبذول کرنی چاہیے ۔گورنر نے وفد کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔وفد نے حوصلہ افزائی اور بھرپور راہنمائی پر گورنر فیصل کریم کنڈی کا شکریہ ادا کیا۔









