صوبے کے بیشتر دریاوں میں پانی کا بہاو نارمل ہے،پی ڈی ایم اے

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق صوبے کے بیشتر دریاوں میں پانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب جبکہ وزیرآباد کے مقام پر نالہ پلکھو میں درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

لاہور۔31جولائی (اے پی پی):پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق صوبے کے بیشتر دریاوں میں پانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب جبکہ وزیرآباد کے مقام پر نالہ پلکھو میں درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاو نارمل سطح پر ہے جبکہ دریائے سندھ میں کالاباغ کے مقام پر پانی کا بہاو 2 لاکھ 63 ہزار اور چشمہ کے مقام پر 2 لاکھ 94 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی پانی کا بہاو معمول کے مطابق ہے۔ نالہ پلکھو میں پانی کا بہاو 3 ہزار 600 کیوسک ہے جبکہ نارووال میں نالہ بسنتر میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے کہا کہ مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔ بالائی کیچمنٹ ایریاز میں متوقع بارشوں کے باعث مشرقی دریاوں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہا ومیں اضافے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔انہوں نے دریاوں کے پاٹ میں موجود شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں، جہاں خوراک، صاف پانی، ادویات اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ موسم اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف غیر ضروری آمدورفت اور سیروتفریح سے گریز کریں اور بچوں کو ہرگز دریاں اور ندی نالوں میں نہانے نہ دیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔