صومالیہ نے "صومالی لینڈ” کے علاقے میں اسرائیلی سفارتی نمائندے کی تعیناتی مسترد کر دی۔
صومالیہ نے "صومالی لینڈ” کے علاقے میں اسرائیلی سفارتی نمائندے کی تعیناتی مسترد کر دی
موغادیشو۔17اپریل (اے پی پی):صومالیہ نے "صومالی لینڈ” کے علاقے میں اسرائیلی سفارتی نمائندے کی تعیناتی مسترد کر دی۔العربیہ کے مطابق صومالیہ نے حال ہی میں اسرائیلی وزارت خارجہ کی جانب سے صومالیہ کے شمال مغربی علاقے (صومالی لینڈ) میں سفارتی نمائندہ تعینات کرنے کے اعلان کی شدید مذمت کی ہے۔صومالی وزارت خارجہ نے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ یہ اقدام صومالیہ کی خود مختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے، نیز یہ بین الاقوامی قانون کے اصولوں بشمول اقوام متحدہ کے منشویر، افریقی یونین کے بانی اصولوں، عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم کے اصولوں کے صریحاً منافی ہے، جو واضح طور پر اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ صومالیہ اپنی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حدود کے اندر ایک واحد، خود مختار اور ناقابل تقسیم ریاست ہے۔بیان کے مطابق صومالیہ کی وفاقی حکومت اپنی سرزمین کے کسی بھی حصے کو ریاستی اتھارٹی سے باہر سفارتی یا سیاسی طور پر تسلیم کرنے کی کسی بھی کوشش کو سختی سے مسترد کرتی ہے۔ صومالیہ کا شمال مغربی علاقہ (صومالی لینڈ) وفاقی جمہوریہ صومالیہ کا اٹوٹ انگ ہے اور اسے ایک علیحدہ وجود کے طور پر پیش کرنے کی کسی بھی کوشش کی کوئی قانونی بنیاد نہیں ہے اور یہ مستحکم بین الاقوامی اتفاق رائے کو نقصان پہنچاتی ہے۔









