ضلعی انتظامیہ نےصفائی آپریشن کامیاب حکمت عملی کے تحت مکمل کر لیا ہے ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن

ضلعی انتظامیہ نےصفائی آپریشن کامیاب حکمت عملی کے تحت مکمل کر لیا ہے ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن

اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نےصفائی آپریشن کامیاب حکمت عملی کے تحت مکمل کر لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے آخری روز، اسلام آباد میں صفائی آپریشن 100 فیصد مکمل کیا گیا ہے ۔عید الاضحی کے پہلے، دوسرے اور تیسرے روز ملنے والی تمام شکایات پر فوری ایکشن لیا گیا ۔

تمام ایریاز سے ملنے والی شکایات پر 100 فیصد ریسپانس ریٹ جبکہ بیک لاک صفر رہا۔ انہوں نے کہا کہ عید کے پہلے روز 324، دوسرے روز 208 جبکہ تیسرے دن 6 شکایات موصول ہوئیں جن کو ضلعی انتظامیہ نے بروقت حل کیا ۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے تمام افسران کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اپنوں کے ساتھ عید چھوڑ کر تمام افسران و اہلکار فیلڈ میں موجود رہے۔

انہوں نے کہا کہ 1334 ہیلپ لائن پر ملنے والی شکایت پر ایکشن کے بعد شہریوں سے فیڈ بیک بھی لیا گیا۔ عرفان میمن نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی بھرپور کوشش رہی کہ شہر میں کسی بھی مقام پر کوئی آلائش باقی نہ رہے، تمام خندقوں کے بھرنے کے بعد عرق گلاب کا چھڑکاؤ گیا تاکہ بدبو باقی نہ رہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام شاہراہوں اور گلیوں کی بھی بعد از قربانی صفائی کا عمل یقینی بنایا گیا ہے، آلائشوں کو باہر پھیکنے کے چند واقعات رپورٹ ہوئے جس پر سخت ایکشن لیا گیا۔ عرفان نواز میمن نےصفائی آپریشن میں بھرپور تعاون پر اسلام آباد کے شہریوں کا بھی شکریہ ادا کیا ۔