"ڈیجیٹل میڈیا بوٹ کیمپ 2026 نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں اور میڈیا ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے کے لیے اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔”
ضم اضلاع کے نوجوانوں کیلئے چار روزہ ڈیجیٹل میڈیا بوٹ کیمپ کا پشاور میں آغاز

مزید خبریں
پشاور۔ 20 اگست (اے پی پی):ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز حکومت خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام اور دی نیٹیوز کے اشتراک سے چار روزہ ڈیجیٹل میڈیا بوٹ کیمپ 2026 کا آغاز راشد شہید میموریل ہال یونیورسٹی آف پشاور میں ہوا۔
بوٹ کیمپ میں ضم شدہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے 35 نوجوان شریک ہیں۔پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل میڈیا، مؤثر ابلاغ، مواد کی تیاری اور آن لائن پلیٹ فارمز کے عملی استعمال سے متعلق مہارتیں فراہم کرنا ہے۔افتتاحی تقریب میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا محترمہ عاطفہ یوسفزئی اور شبیر خان نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل مہارتیں نوجوانوں کی تعلیمی، پیشہ ورانہ اور کاروباری ترقی کیلئے ناگزیر ہو چکی ہیں۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ تربیتی پروگرام سے بھرپور استفادہ کریں اور حاصل ہونے والی مہارتوں کو مثبت اور تعمیری مقاصد کیلئے استعمال کریں۔بوٹ کیمپ کے پہلے روز پروفیسر آف جرنلزم ڈاکٹر بخت زمان نے پروگرام کے مجموعی وژن اور مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے نوجوانوں کو ذمہ دار ڈیجیٹل تخلیق کار بننے، مثبت کہانیوں کو اجاگر کرنے اور میڈیا کو ابلاغ، تخلیقی اظہار، کاروباری مواقع اور سماجی آگاہی کیلئے مؤثر طور پر استعمال کرنے کی تلقین کی۔اقراء نیشنل یونیورسٹی کے شعبہ میڈیا اسٹڈیز کے سربراہ اور صحافی محمد فہیم نے ولاگنگ کے موضوع پر خصوصی سیشن دیا۔ انہوں نے مؤثر کہانی بیان کرنے، تخلیقی مواد تیار کرنے، مستند انداز اپنانے اور مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر سامعین سے رابطہ بڑھانے کے عملی پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ محترمہ صبغہ نے بھی شرکاء کو عملی سرگرمیوں، مباحثوں اور گروپ ورک کے ذریعے ڈیجیٹل میڈیا کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا۔پہلے روز انٹرایکٹو سیشنز، برین اسٹارمنگ، گروپ ورک اور عملی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں شرکاء نے بھرپور حصہ لیا۔ شرکاء نے پروگرام کو معلوماتی، عملی اور مستقبل کی پیشہ ورانہ ضروریات سے ہم آہنگ قرار دیتے ہوئے اسے نوجوانوں کیلئے ایک مفید اقدام قرار دیا۔دی نیٹیوز نے ڈائریکٹر یوتھ افیئرز عباس خان آفریدی کی نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے، ان کی صلاحیتوں کے فروغ اور پروگرام کی سرپرستی پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔








