طاہر محمود اشرفی کی حج 1447ھ کے کامیاب انتظامات پر سعودی قیادت کو مبارکباد

طاہر محمود اشرفی کی حج 1447ھ کے کامیاب انتظامات پر سعودی قیادت کو مبارکباد

اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہرمحمود اشرفی نے حج 1447 ہجری کے کامیاب اور منظم انعقاد پر مملکت سعودی عرب کی قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عظیم کامیابی اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آلسعود اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی بصیرت افروز قیادت، مؤثر منصوبہ بندی اور مسلسل نگرانی کا نتیجہ ہے۔ہفتہ کواپنے ایک بیان میں حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ رواں سال حج کے شاندار انتظامات سعودی عرب کی جانب سے حرمین شریفین اور دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں عازمین حج کی خدمت کے لیے غیر متزلزل عزم کا عملی مظہر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی قیادت کی رہنمائی میں حج انتظامات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے،سہولیات میں اضافے اور خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کیے گئے، جن کے باعث حالیہ برسوں میں حج 1447ھ کو ایک انتہائی کامیاب حج سیزن قرار دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حج کے دوران عازمین کی نقل و حرکت اور نظم و نسق کے لیے اختیار کی گئی حکمت عملی عالمی معیار کی بہترین مثال ثابت ہوئی۔ انہوں نےحجاج کرام کی آمد و رفت،رہائش، عبادات اور دیگر مراحل کو منظم انداز میں مکمل کروانے کے لیے جو جامع آپریشنل منصوبہ نافذ کیا گیا، اس پر انتہائی مہارت، پیشہ ورانہ انداز اور باریک بینی سے عمل درآمد کیا گیا۔حافظ طاہر اشرفی نے سعودی حکومت کی جانب سے حجاج کرام کی حفاظت، آرام اور سہولت کے لیے کیے گئے وسیع انتظامات کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ مملکت نے انفراسٹرکچر کی بہتری، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، طبی سہولیات، ٹرانسپورٹ، سکیورٹی اور دیگر خدمات کے ذریعے عازمین حج کے لیے مثالی ماحول فراہم کیا۔انہوں نے خصوصی طور پر مکہ روٹ انیشی ایٹو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے نے مختلف ممالک سے آنے والے ہزاروں حجاج کرام کے سفری مراحل کو آسان اور مؤثر بنایا ہے، اس اقدام کے باعث امیگریشن اور سفری دستاویزات سے متعلق کئی مراحل روانگی سے قبل ہی مکمل ہو جاتے ہیں جس سے عازمین کو غیر معمولی سہولت میسر آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ حجاج کرام کی خدمت کے لیے شروع کیے گئے کامیاب ترین پروگراموں میں شمار ہوتا ہے اور اس کے مثبت اثرات کو دنیا بھر کے مسلمان محسوس کر رہے ہیں۔پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین نے حج انتظامات میں شریک تمام سعودی اداروں، وزراء، سرکاری محکموں، عسکری اور سول اداروں، رضاکاروں اور بالخصوص سکیورٹی فورسز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف بن عبدالعزیز آل سعود کی سربراہی میں قائم سپریم حج کمیٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مختلف وزارتوں اور اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور مشترکہ حکمت عملی نے حج انتظامات کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ سعودی وزارت حج و عمرہ نے متعلقہ اداروں اور سکیورٹی حکام کے تعاون سے نہ صرف حجاج کو بہتر خدمات فراہم کیں بلکہ حج کے ضوابط پر سختی سے عمل درآمد بھی یقینی بنایا، جس کے نتیجے میں انتظامی امور مؤثر انداز میں مکمل ہوئے۔انہوں نے حج سے متعلق شرعی اور انتظامی قوانین کی پابندی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دارالافتاء پاکستان پہلے ہی یہ فتویٰ جاری کر چکا ہے کہ سرکاری اجازت نامے کے بغیر حج ادا کرنا شرعاً درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کی ہدایات اور ضوابط پر عمل کرنا تمام عازمین کی ذمہ داری ہے کیونکہ اسی سے حج کے دوران نظم و ضبط، سلامتی اور سہولت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے مہمانانِ خدا کی خدمت کے لیے کی جانے والی مسلسل کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حجاج کرام کی خدمت سعودی قیادت اور عوام کے لیے باعث فخر قومی ذمہ داری بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت اسلام، مسلمانوں اور حرمین شریفین کے زائرین کی خدمت کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس کے ثمرات عملی طور پر نمایاں ہیں۔

حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ حج 1447ھ کی کامیابی سعودی وژن 2030 کے تحت حاصل ہونے والی ترقی اور اصلاحات کی عکاس ہے۔ انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ایک دور اندیش اور باصلاحیت رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں مختلف شعبوں خصوصاً حجاج کرام کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ منیٰ، عرفات اور مزدلفہ کے مقدس مقامات حج کے دوران جدید سہولیات سے آراستہ ایک مربوط شہر کی صورت اختیار کر گئے تھے، جہاں 17 لاکھ سے زائد عازمین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ تقریباً پانچ لاکھ سکیورٹی، عسکری، طبی، انجینئرنگ اور لاجسٹک اہلکاروں نے دن رات محنت کرتے ہوئے حجاج کرام کے تحفظ، آرام اور عبادات کی پرامن ادائیگی کو یقینی بنایا۔ حافظ طاہر اشرفی نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی صحت، کامیابی اور مزید ترقی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ تمام حجاج کرام کے حج اور عبادات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، انہیں محفوظ طریقے سے اپنے گھروں تک پہنچائے اور ان کے حج کو مقبول و مبرور فرمائیں۔