عالمی ادارہ صحت کا وبائی امراض کی روک تھام، تیاری اور ردعمل سے متعلق یواین سیاسی اعلامیے کی منظوری کا خیرمقدم

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)نےاقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے وبائی امراض کی روک تھام، تیاری اور ان سے نمٹنے کے حوالے سے سیاسی اعلامیے کی منظوری کا خیرمقدم کیا ہے

جنیوا۔13اکتوبر (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)نےاقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے وبائی امراض کی روک تھام، تیاری اور ان سے نمٹنے کے حوالے سے سیاسی اعلامیے کی منظوری کا خیرمقدم کیا ہے۔اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق اعلامیے میں آنے والی نسلوں کو وبائی امراض کے تباہ کن اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے عالمی یکجہتی اور عزم کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔ ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس اژھانوم گیبریسس نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او وبائی امراض کی روک تھام، تیاری اور ان سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے یواین ممالک کے پختہ عزم کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 کے بعد دنیا نے طویل سفر طے کیا ہے، ہم ممالک پر زور دیتے ہیں کہ وہ اب اپنے کیے گئے وعدوں کو پورا کریں بالخصوص پیتھوجن تک رسائی اور فوائد کی تقسیم کے نظام (پی اے بی ایس)کے ضمیمے پر مذاکرات کو حتمی شکل دیں تاکہ ڈبلیو ایچ او کے وبائی امراض سے متعلق معاہدے پر دستخط کا عمل شروع ہو، اس کی توثیق کا عمل آگے بڑھے اور یہ بین الاقوامی قانون کے طور پر نافذ العمل ہو سکے۔کووڈ 19 کی وبا کے بعد تحقیق اور رابطہ کاری کے شعبوں میں ہونے والی اہم پیش رفت بشمول عالمی ادارہ صحت کے وبائی امراض سے متعلق معاہدے کی منظوری کی بنیاد پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلامیے میں وبائی امراض کے خطرات کی روک تھام، ان کی نشاندہی اور ان سے نمٹنے کے لیے قومی، علاقائی اور عالمی سطح پر استعداد کار کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل سرمایہ کاری اور اقدامات پر زور دیا گیا ہے۔اعلامیے میں اس امر پر زور دیا گیا ہے کہ وبائی امراض سے نمٹنے کی تیاری کو ایک جامع نقطہ نظر کے تحت دیکھا جائے کیونکہ یہ نہ صرف صحت بلکہ ترقی، معیشت اور سلامتی کے لیے بھی ناگزیر ہے جس کے لیے مختلف شعبوں میں مربوط اقدامات کی ضرورت ہے۔