عالمی برادری بھارت میں مسلمانوں کے خلاف کوویڈ 19 کے ضمن میں مہم کا نوٹس لے صدر مملکت

اسلام آباد ۔ 8 مئی (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آذربائیجان کے صدر الہم علیوف کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کی اور ان سے کوویڈ۔19 وباءاور صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے دوطرفہ تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ جمعہ کو ایوان صدر میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے 4 مئی 2020ءکو غیر وابستہ ممالک کے سربراہی سطع پرکنٹیکٹ گروپ کے …

اسلام آباد ۔ 8 مئی (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آذربائیجان کے صدر الہم علیوف کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کی اور ان سے کوویڈ۔19 وباءاور صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے دوطرفہ تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ جمعہ کو ایوان صدر میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے 4 مئی 2020ءکو غیر وابستہ ممالک کے سربراہی سطع پرکنٹیکٹ گروپ کے ”کوویڈ۔19 کے خلاف اتحاد“ کے موضوع پر کامیاب اور بروقت اقدام کو سراہا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آذربائیجان کے صدر کو پاکستان میں کوویڈ۔19 کی صورتحال اور اس وبا کی روک تھام کے لئے حکومتی سطح پر اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں کوویڈ۔19 کی وبا کی روک تھام کے لئے کوششوں میں تعاون کو سراہا۔ انہوں نے آذربائجان میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لئے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ترقی پذیر ممالک کو موجودہ صورتحال میں قرضوں میں ریلیف کی تجویز کی اہمیتِ پر زور دیتے ہوئے انہوں نے اس بحران سے نمٹنے کے لئے قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر نے آذربائیجان کی جانب سے اس اقدام کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور ہر شعبہ میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں نقل وحرکت کی پابندیوں کی وجہ سے صحت کی سہولیات کی عدم دستیابی سے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری بھارت میں مسلمانوں کے خلاف کوویڈ۔19 کے ضمن میں مہم کا نوٹس لے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں ڈومیسائل قانون میں تبدیلی کر رہا ہے، اس کا بنیادی مقصد مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا ہے جو چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔ آذربائیجان کے صدر نے اس موقع پر کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ آذربائجان پاکستان کو اپنا قریبی دوست سمجھتا ہے اور ہر فورم پر اس کی حمایت جاری رکھے گا۔ا نہوں نے نگارا کاراباخ تنازعہ پر پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔