عالمی بینک کے ثالثی فورم کے ریکوڈک معاملے پر فیصلے سے پاکستان کو ریلیف ملا ہے جس پر قانونی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 18 ستمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عالمی بینک کے ثالثی فورم کے ریکوڈک معاملے پر فیصلے سے پاکستان کو ریلیف ملا ہے جس پر قانونی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، بھارت گزشتہ 7 دہائیوں سے مقبوضہ وادی میں طاقت کا استعمال کر رہا ہے لیکن وہ کشمیریوں کی آواز دبانے میں ناکام رہا ہے اور آئندہ بھی …

اسلام آباد ۔ 18 ستمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عالمی بینک کے ثالثی فورم کے ریکوڈک معاملے پر فیصلے سے پاکستان کو ریلیف ملا ہے جس پر قانونی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، بھارت گزشتہ 7 دہائیوں سے مقبوضہ وادی میں طاقت کا استعمال کر رہا ہے لیکن وہ کشمیریوں کی آواز دبانے میں ناکام رہا ہے اور آئندہ بھی اسے ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہو گا، پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھاتا رہے گا، ملک میں کورونا کی صورتحال بہتر ہے تاہم عوام احتیاطی تدابیر جاری رکھیں۔ جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی 5 اگست 2019ءکے بعد مقبوضہ وادی میں بندشیں لگا کر، انٹرنیٹ سروس اور مواصلات کو معطل کرنے کی حکمت عملی ناکام ہو گئی ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کر رہا ہے جس کی مثال نہیں ملتی تاہم اس کے باوجود کشمیری ثابت قدمی کے ساتھ حق خود ارادیت کی تحریک جاری رکھے ہوئے ہیں، بھارت کے طاقت کے استعمال سے مسئلہ حل نہیں ہو گا، عالمی برادری دیرینہ مسئلے کے حل کیلئے مثبت کردار ادا کرے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے شہریت قانون بل میں ترمیم کے بعد بھارت کے اندر سے مودی حکومت کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں اور لوگ حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سخت ترین پابندیوں کے باوجود کشمیر میں پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے جھنڈے لہرائے جا رہے ہیں، وہاں پر شہیدوں کو پاکستان کے جھنڈوں میں لپیٹ کر دفن کیا جاتا ہے اور کشمیری پاکستان کے زندہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں جس سے واضح ہے کہ کشمیریوں نے بھارت کے فیصلوں کو قبول نہیں کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مسئلے کو حل کرنے میں ناکام رہا، اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے اور دیرینہ مسئلے کو حل کرنے کیلئے کلیدی کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور پاکستان کے بھی دونوں ممالک سے گہرے تعلقات ہیں اور مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے ساتھ تعلقات کو برقرار رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کے ثالثی فورم کا ریکوڈک معاملے میں 6 ارب ڈالر جرمانے پر حکم امتناع کے فیصلے سے پاکستان کو وقتی سہی لیکن ریلیف ملا ہے، کورونا بحران کی وجہ سے پاکستان کی معیشت دباﺅ میں ہے تاہم اس فیصلے سے پاکستان کو بڑا ریلیف ملا ہے جس پر قانونی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان میں کورونا کی صورتحال بہتر ہے، وزیراعظم عمران خان نے جو حکمت عملی اپنائی وہ کامیاب رہی لیکن سردیوں میں کورونا کی دوبارہ لہر آنے کے امکانات ہیں اسلئے تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور عوام بھی احتیاطی تدابیر جاری رکھیں۔