عالمی یومِ خواتین دنیا بھر میں خواتین کی جدوجہد، خدمات اور نمایاں کارناموں کے اعتراف کا دن ہے،اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ عالمی یومِ خواتین دنیا بھر میں خواتین کی جدوجہد، خدمات اور نمایاں کارناموں کے اعتراف کا دن ہے، یہ دن نہ صرف ان کی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے بلکہ ہمیں اجتماعی ضمیر کے ساتھ اپنی ذمہ داریوں کا احساس بھی دلاتا ہے۔عالمی یومِ خواتین کے موقع …

اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ عالمی یومِ خواتین دنیا بھر میں خواتین کی جدوجہد، خدمات اور نمایاں کارناموں کے اعتراف کا دن ہے، یہ دن نہ صرف ان کی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے بلکہ ہمیں اجتماعی ضمیر کے ساتھ اپنی ذمہ داریوں کا احساس بھی دلاتا ہے۔عالمی یومِ خواتین کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ خواتین اور لڑکیوں کی حوصلہ مندی، استقامت اور ملک و معاشرے کی تعمیر میں ان کے اہم کردار کو تسلیم کرنے کا دن ہے، یہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ تمام خواتین کے لیے مساوات، وقار اور بنیادی حقوق کی فراہمی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال کا موضوع ’’حقوق، انصاف، اقدام: تمام خواتین اور لڑکیوں کے لیے‘‘ ہمیں اس امر کی یاد دہانی کراتا ہے کہ حقوق کی پاسداری صرف بیانات تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے ہر عورت اور لڑکی کو وقار، امتیاز سے آزادی، تشدد اور ناانصافی سے تحفظ اور مساوی مواقع کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں خواتین مختلف شعبہ ہائے زندگی میں رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے مثبت تبدیلی کی قیادت کر رہی ہیں تاہم صنفی بنیاد پر تشدد، ہراسانی، استحصال اورسائبر ہراسانی سمیت دیگر خطرات اب بھی خواتین اور لڑکیوں کے لیے چیلنج ہیں، ان مسائل کے مؤثر حل کے لیے مضبوط قانونی تحفظات، آگاہی اور اجتماعی اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ جسمانی اور ڈیجیٹل دونوں میدانوں میں خواتین محفوظ اور باوقار زندگی گزار سکیں۔انہوں نے کہا کہ بطور وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق میں اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ حکومت خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کے تحفظ، صنفی مساوات کے فروغ اور انہیں اپنے حقوق اور مواقع تک مکمل رسائی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ آئیے اس دن ہم سب خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا عہد کریں اور مل کر ایک منصفانہ، شمولیتی اور مساوی معاشرے کی تعمیر کریں۔