اسلام آباد ۔ 3 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے نوجوانوں کی بہتری کے لئے مختلف وزارتوں اور ڈونرز کے درمیان تعاون کے اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے کچھ نہیں کیا، نوجوانوں کی سماجی و معاشی ترقی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ …
عثمان ڈار کی نوجوانوں کی بہتری کے لئے مختلف وزارتوں اور ڈونرز کے درمیان تعاون کے اضافے کی ضرورت پر زور
اسلام آباد ۔ 3 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے نوجوانوں کی بہتری کے لئے مختلف وزارتوں اور ڈونرز کے درمیان تعاون کے اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے کچھ نہیں کیا، نوجوانوں کی سماجی و معاشی ترقی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو لورا شیری دان کی سربراہی میں یو این ڈی پی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کے دوران دولت مشترکہ ٹیم کی پاکستان آمد سے قبل ابتدائی تیاریوں سے متعلق توجہ مرکوز کی گئی۔ یہ ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی، اس دورے کا مقصد نوجوانوں کی ترقی سے متعلق سرگرمیوں کو یقینی بنانے کے لئے یوتھ ڈویلپمنٹ انڈکس میں بہتری کے لئے پاکستان کی مدد کرنا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ ماضی میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود پر توجہ نہیں دی گئی اور انہیں نظر انداز کیا گیا جس سے یوتھ ڈویلپمنٹ انڈکس نیچے آیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے نوجوانوں کی ترقی کے لئے تاریخی اقدامات کئے ہیں جس سے ان کی حالت بہتر بنانے کے لئے نشاندہی کردہ ضروری اقدامات کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ لورا شیری دان نے کہا کہ یو این ڈی پی نوجوانوں کی ترقی سے متعلق پاکستان کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔








