دانیال چوہدری نے عدالتی فیصلوں کے احترام اور ان پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
عدالتی فیصلوں کا احترام اور عملدرآمد ناگزیر ہے، قانونی تحفظات متعلقہ فورمز پر اٹھائے جائیں گے۔ بیرسٹر دانیال چوہدری
اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے عدالتی فیصلوں کے احترام اور ان پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلے سے پیدا ہونے والے تمام قانونی نکات کو فوری طور پر متعلقہ فورمز کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے قائد اور میری پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا ہے اور ہم ہر فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عدالتی فیصلے سے متعلق کوئی بھی تحفظات یا شکایات ہوں تو انہیں قانون کے مطابق متعلقہ فورم پر اٹھایا جائے گا اور معاملے کو قانونی تقاضوں کے تحت ہی آگے بڑھایا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ عدالتیں آئین اور قانون کے مطابق مکمل آزادی اور خودمختاری کے ساتھ فیصلے کر رہی ہیں اور عدلیہ کی ایسی خودمختاری ماضی قریب میں کم ہی دیکھنے کو ملی ہے۔









