اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نےکہا ہے کہ عشرہ رحمت للعالمینﷺ یکم تا 12 ربیع الاوّل قومی و صوبائی سطح پر عقیدت و احترام اور شایان طریقے سے منایا جائے گا، وزارت ِ مذہبی امور اس سال 50 ویں بین الاقوامی سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد کر رہی ہے، 1500 ویں سالِ ولادت کے تناظر میں صوبائی اور مقامی …
عشرہ رحمت للعالمینﷺ یکم تا 12 ربیع الاوّل قومی و صوبائی سطح پر عقیدت و احترام اور شایان طریقہ سے منایا جائے گا، وفاقی وزیر سردار محمد یوسف

مزید خبریں
اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نےکہا ہے کہ عشرہ رحمت للعالمینﷺ یکم تا 12 ربیع الاوّل قومی و صوبائی سطح پر عقیدت و احترام اور شایان طریقے سے منایا جائے گا، وزارت ِ مذہبی امور اس سال 50 ویں بین الاقوامی سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد کر رہی ہے، 1500 ویں سالِ ولادت کے تناظر میں صوبائی اور مقامی حکومتیں خصوصی محافل کے ذریعے نوجوان نسل کو سیرتِ نبوی ﷺ پر آگہی دیں۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو بین الصوبائی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیر اوقاف آزاد کشمیر حافظ محمد احمد رضا قادری، پارلیمانی سیکرٹری بلوچستان شہناز عمرانی ، وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطا الرحمٰن ، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، اوقاف سیکرٹریز پنجاب ، سندھ، بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ وزیر مذہبی امور سردار یوسف کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلےہوئے ۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کی قرار دادوں کی روشنی میں ملک گیر سطح پر سیرت محافل کا انعقاد کیا جائے گا، صوبائی اور مقامی حکومتیں نوجوان نسل کو سیرت ِنبوی ﷺ کے حوالے سے آگاہی دیں، وزارت مذہبی امور اسلام آباد میں 50 ویں بین الاقوامی سیرت النبیﷺ کانفرنس منعقد کر رہی ہے ، کانفرنس کا موضوع ’’سوشل میڈیا کے مفید استعمال کی تعلیم و تربیت میں ریاستی ذمہ داریاں سیرت النبیﷺ کی روشنی میں‘‘ رکھا گیا ہے۔ وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ عشرہ منانے کا مقصد نوجوانوں کو حضور اکرم نبوی ﷺ کی سیرت مبارکہ سے آگاہ کرنا ہے،سرکاری و نجی سکولوں، کالج اور یونیورسٹیوں میں بھی عشرہ رحمت للعالمینﷺ کے تحت پروگرام منعقد کئے جائیں گے،
سیرت نبوی ﷺ کے حوالے سے عصری تعلیمی اداروں اور دینی مدارس کے طلبا مشترکہ پروگرام منعقد کریں اورسیرت طیبہﷺ پر اپنے خیالات کا اظہار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سیرت النبیﷺ کی روشنی میں دور حاضر کے مسائل کے حل کے لئے مل کر کوشش کرنا ہو گی، ہمیں تعلیم، معیشت ، سماجی اقدار اور خاندانی نظام کو بگاڑ سےبچانا ہے۔ اسوۂ نبوی ﷺ پر عمل سے ہی دین و دنیا کی کامیابی ممکن ہے، نبی اکرم ﷺ کی بعثت کا مقصد انسانیت کو درست رہنمائی کے ذریعہ ہدایت پر لانا ہے، امتی ہونے کے ناطے ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ سیرت ِنبوی ﷺ کو عام کریں اور ان کے پیغام کو اجاگر کریں، آج کے سوشل میڈیا دور میں اسلام کے پیغام کو عام کرنا مزید آسان ہو چکا ہے۔








