عشرۂ رحمت للعالمین ﷺ ، ضلع بنوں میں قرأت اور نعت خوانی کے مقابلوں کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

حکومت خیبرپختونخوا کے احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بنوں محمد فہیم کی ہدایت پر عشرۂ رحمت للعالمین ﷺ کے تحت ضلع بنوں میں قرأت اور نعت خوانی کے مقابلوں کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا

پشاور۔ 18 اگست (اے پی پی):حکومت خیبرپختونخوا کے احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بنوں محمد فہیم کی ہدایت پر عشرۂ رحمت للعالمین ﷺ کے تحت ضلع بنوں میں قرأت اور نعت خوانی کے مقابلوں کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ضلعی انتظامیہ بنوں تر جمان کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر بنوں اللہ نواز نے بحیثیت مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ضلعی انتظامیہ بنوں کی جانب سے عشرۂ رحمت للعالمین ﷺ کے تحت سیرت النبی ﷺ کانفرنس اور نعت خوانی و حسن قرات کے مقابلوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے امیدواروں میں تقسیم انعامات کی تقریب باچا خان ہال میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ضلعی انتظامیہ اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر بنوں اللہ نواز خان کے علاؤہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اخلاص سلیم اور عمیر اعوان، مجاہد خان اور سجاد حسین سمیت ڈسٹرکٹ خطیب مفتی عبدالغنی، مولانا ضبط علی خان، مولانا طیب شاہ بخاری اور دیگر جید علماء کرام، قراء، نعت خواں اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔

مقررین نے اپنے خطاب میں 12 ربیع الاول کی مناسبت سے آقائے دو جہاں، رحمتِ عالم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرت و اعلیٰ کردار، اخلاقِ حسنہ اور آپ ﷺ کی تعلیمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نےکہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہمارے لیے صرف عقیدت کا مرکز نہیں بلکہ زندگی کے ہر شعبے میں عملی رہنمائی کا کامل نمونہ ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم آپ ﷺ کی تعلیمات کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنائیں اور محبتِ رسول ﷺ کو اپنے کردار، اخلاق، معاملات اور معاشرتی رویوں سے ثابت کریں۔آخر میں مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر بنوں اللہ نواز خان نے قرأت اور نعت خوانی کے مقابلوں میں حصہ لینے والے باصلاحیت نوجوانوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے قراء اور نعت خوانوں میں نقد انعامات اور شیلڈ تقسیم کیں۔