اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ لاہور سے پیرس کیلئے براہِ راست پرواز کا آغاز کر دیا گیا، پہلی براہِ راست پرواز کی مناسبت سے ایک پروقار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی کے ترجمان کی طرف سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور نے پیرس کو اپنے بین الاقوامی روٹس میں شامل کر لیا ہے جو کہ پاکستان کے ہوابازی کے بنیادی ڈھانچے میں ایک نمایاں اضافہ ہے۔ پی آئی اے کی لاہور سے پیرس کیلئے پہلی براہِ راست پرواز کی مناسبت سے ایک پروقار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں فرانس کے پاکستان میں سفیر، پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر
ایئرپورٹ منیجر/چیف آپریٹنگ آفیسر، اے ایس ایف کے چیف سکیورٹی آفیسر اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فرانسیسی سفیر نے نئی پرواز کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ پرواز پاکستان اور فرانس کے تعلقات میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے اس اقدام کو ثقافتی، سفارتی اور عوامی روابط کے فروغ کیلئے اہم قرار دیا۔یہ نئی پرواز سیاحت، تجارت اور باہمی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی اور ملکی ایوی ایشن سرگرمیوں کی بین الاقوامی رسائی کو وسعت دینے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اس نئی بین الاقوامی پیشرفت پر پی آئی اے اور تمام متعلقہ اداروں کو مبارکباد پیش کرتی ہے۔