علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر بہار 2026ء کے ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے فائنل امتحانات کا شیڈول جاری کردیا

"علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر بہار 2026ء کے ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے فائنل امتحانات کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔”

اسلام آباد۔6اگست (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر بہار 2026ء کے ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی (فیس ٹو فیس) پروگرامز کے فائنل امتحانات کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

شیڈول کے مطابق فیکلٹی آف ایجوکیشن کے امتحانات 3 اگست 2026ء سے جاری ہیں جبکہ فیکلٹی آف عربی و اسلامیات اور فیکلٹی آف سماجی علوم کے امتحانات 10 اگست 2026ء سے شروع ہوں گے ۔ دوسری جانب یونیورسٹی نے سمسٹر خزاں 2026ء کے داخلوں کی آخری تاریخوں کا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔ میٹرک، ایف اے، ایسوسی ایٹ ڈگری، بی ایس، بی ایڈ، پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ اور سرٹیفکیٹ کورسز میں داخلوں کی آخری تاریخ 10 اگست 2026ء مقرر کی گئی ہے جبکہ ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلوں کی آخری تاریخ 17 اگست 2026ء ہے۔یونیورسٹی نے واضح کیا ہے کہ ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلوں کی تاریخ میں کسی قسم کی توسیع نہیں کی جائے گی کیونکہ ان پروگرامز کے لیے انٹری ٹیسٹ کا شیڈول پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے۔جاری کردہ شیڈول کے مطابق فیکلٹی آف عربی و اسلامیات کے انٹری ٹیسٹ 21 اگست، فیکلٹی آف ایجوکیشن کے 24 اگست ، فیکلٹی آف سماجی علوم کے 27 اگست اور فیکلٹی آف سائنسز کے 28 اگست 2026ء کو منعقد ہوں گے۔ وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے خواہشمند امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ آخری تاریخوں کا انتظار کرنے کے بجائے بروقت داخلہ فارم جمع کرائیں اور داخلوں سے متعلق تمام معلومات، پراسپیکٹس اور شیڈول یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے حاصل کریں۔