عمران خان نے قوم سے جھوٹ بولا ، سارے حقائق سامنے آچکے ہیں، شیری رحمٰن کا پریس کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمن نے کہا ہے کہ عمران خان نے قوم سے جھوٹ بولا ، ان کے بولے گئے جھوٹوں کا پلندا بن چکا ہے ، انتشار اور جلائو گھیرائو کا مقصد این آر او مانگنا ہے جو نہیں ملے گا، سارے حقائق سامنے آچکے ہیں اب انصاف ہوتا نظر آنا چاہئے ۔

جمعرات کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیری رحمٰن نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کے سارے حقائق سامنے آچکے ہیں ، ممنونہ فنڈنگ کے ذریعے جس طرح ملک کو بدنام کیا گیا اس سے لوگوں کا فنڈ ریزنگ سے اعتماد اٹھ گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نے جھوٹ کا سہارا لیا اور اتنا جھوٹ بولا کہ آج وہ آتش فشاں پہاڑ بن چکا ہے ، عمران خان نے آٹھ سال فارن فنڈنگ کا فیصلہ نہیں آنے دیا اور الیکشن کمیشن اور اداروں پر دبائو ڈال کر انہیں یرغمال بنائے رکھا، اب 34اکائونٹس سامنے آنے پر کہتے ہیں تھوڑی سی منی لانڈرنگ ہو گئی تو کیا ہوا۔آئینی ماہرین کا خیال ہے کہ ان کے خلاف نااہلی بھی ہونی چاہئے اور فوجداری مقدمات بھی بننے چاہئیں ۔

شیری رحمن نے کہاکہ پونے چار سال کے دوران تحریک انصاف نے معیشت کا بیڑا غر ق کیا اور جب ہم نے اقتدار سنبھالا ملک دوالیہ ہونے کے قریب تھا ، جھوٹا بیان حلفی دے کر فارن فنڈنگ اور ممنوعہ فنڈنگ لینے والے توشہ خانہ پر بھی ہاتھ صاف کرتے آئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے بار بار قوم سے جھوٹ بولا ہے اب جب ان سے سوال پوچھا جارہاہے تو جلائو گھیرائو کی سیاست پر اتر آئے ہیں ان کا یہ وطیرہ این آر او کی تلاش کے لئے ہے ۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ ملک میں سیلاب اور بارشوں سے تباہی ہے ، سینکڑوں اموات ہو چکی ہیں ، مون سون کی نئی لہر بھی آرہی ہے لیکن انہیں ملک اور قوم کی کسی مشکل اور پریشانی کا خیال نہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کشمیر کو کس طرح انہوں نے فروخت کیا اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی ، اپنے دور اقتدار میں بھی لوگوں کے لئے مشکلات پیدا کیں اور اب اقتدار کے بعد احتجاج اور انتشار کی سیاست کے ذریعے ملک کا نقصان کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اور اس میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی ۔ انصاف کا نام لے کر قوم کے ساتھ گھنائونا مذاق کیا گیا اور چوری اور سینہ زوری کرتے ہوئے سڑکوں اور چوراہوں پر اداروں کو بدنام کیا گیا ، سوشل میڈیا پر بھی ایک گھنائونی تحریک جاری ہے ، اب سارے حقائق سامنے آچکے ہیں ، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے شدید دبائو کے باوجود فیصلہ سنایا ، اب انصاف ہوتا نظر آنا چاہئے ۔

انہوں نے کہاکہ جو اکائونٹ انہوں نے نامعلوم ظاہر کئے تھے وہ منظر عام پر آچکے ہیں ۔ ان کے احتجاج کا کوئی آئینی اور قانونی جواز نہیں ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ کابینہ جو بھی فیصلہ لے گی متفقہ طور پر فیصلہ کیا جائے گا ، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔