اٹلی کی سائیکلسٹ الیسا بالسامو نے ویمنز گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کا چھٹا مرحلہ جیت لیا

اٹلی کی مایہ ناز سائیکلسٹ الیسا بالسامو نے ویمنز گیرو ڈی اٹالیہ کا چھٹا مرحلہ اپنے نام کر لیا ہے

روم۔5جون (اے پی پی):اٹلی کی مایہ ناز سائیکلسٹ الیسا بالسامو نے ویمنز گیرو ڈی اٹالیہ کا چھٹا مرحلہ اپنے نام کر لیا ہے ،یہ 28 سالہ میزبان سائیکلسٹ الیسا بالسامو کی ویمنز سائیکلنگ ایونٹ میں مسلسل چوتھی سپرنٹ فتح بھی ہےجبکہ نیدرلینڈز کی اینا وین ڈیر بریگن نے مجموعی برتری برقرار رکھتے ہوئے گلابی جرسی پر اپنا قبضہ برقرار رکھا ہوا ہے۔ بی بی سی کے مطابق ویمنز گیرو ڈی اٹالیہ کا37 واں ایڈیشن شروع ہوچکا ہے جس میں ویمنز سائیکلنگ کی دنیا کی نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ ویمنز گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کے چھٹے مرحلے میں سائیکل سواروں نے آلا سے بریسیلو تک کا فاصلہ طے کرنا تھا جو سیدھا 155کلومیٹر پر محیط تھا۔ لڈل ٹریک ٹیم کی نمائندگی کرنے والی میزبان سائیکلسٹ الیسا بالسامو نے مقررہ فاصلہ 3 گھنٹے 54 منٹ 2 سیکنڈز میں طے کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی ،کینیڈا کی سائیکل سوار میگی کولز لیسٹر دوسرے نمبر پر رہی جبکہ آسٹریلیا کی سائیکلسٹ جارجیا بیکر تیسرے نمبر پر رہی۔ ریس کے چھٹے مرحلے کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے اٹلی کی الیسا بالسامو نے اپنی ساتھی کھلاڑی لوسنڈا برانڈ کی بہترین لیڈ آؤٹ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب آپ کے پاس دنیا کی بہترین معاون موجود ہو تو جیت آسان ہو جاتی ہے۔دوسری جانب ریس کی جنرل کلاسیفیکیشن میں نیدر لینڈز کی اینا وین ڈیر بریگن نے مجموعی برتری برقرار رکھتے ہوئے گلابی جرسی پر اپنا قبضہ برقرار رکھا ہے۔ویمنز گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس 9 مرحلوں پر محیط ہے جس میں سائیکل سوار 1153.7 کلو میٹر کا سفر طے کریں گی ۔ ویمنز گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس میں 21 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں ۔ ویمنزگیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس 30مئی سے شروع ہوکر 7جون کو سالزو، اٹلی میں اختتام پذیر ہوگی۔