وفاقی وزیر برائے مذہبی امور کا مدینہ منورہ حج مشن اور مرکزی کلینک کا دورہ، کارکردگی تسلی بخش قرار

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے مدینہ منورہ میں پاکستان حج مشن کے مین کوآرڈینیشن آفس (ایم سی او)اور مرکزی کلینک کا دورہ کیا۔

مدینہ منورہ۔5جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے مدینہ منورہ میں پاکستان حج مشن کے مین کوآرڈینیشن آفس (ایم سی او)اور مرکزی کلینک کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر مدینہ منورہ زاہد سہیل نے وفاقی وزیر کو حج آپریشن کے انتظامات اور مشن کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ڈائریکٹر مدینہ نے بتایا کہ مشن اس سال 72 ہزار سے زائد سرکاری حجاج کی میزبانی کر رہا ہے جن میں سے 11 ہزار 7 سو سے زائد عازمین اب تک مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں جو آج مسجدِ نبوی ﷺ میں نمازِ جمعہ ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال پہلی بار رہائشی کمروں کی کمپیوٹرائزڈ بکنگ کی گئی ، 100 فیصد حجاج کی زیارتِ ریاض الجنہ کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ وطن واپسی کے لیے سامان کی بکنگ’’سٹی چیک ان‘‘ کے ذریعے رہائشگاہوں پر ہی کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 30 جون تک پروازوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور خدام الحجاج کی ٹیمیں 24 گھنٹے حجاج کی معاونت کے لیے الرٹ ہیں۔وفاقی وزیر نے مرکزی کلینک کا معائنہ بھی کیا جہاں انہیں رجسٹریشن ڈیسک، خواتین کے خصوصی ڈینٹل کلینک، او پی ڈی اور جدید طبی تشخیص کے شعبہ جات کا دورہ کرایا گیا۔ انہوں نے حج میڈیکل مشن کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے طبی سہولیات کے معیار کو سراہا۔ایم سی او میں قائم مختلف سیلز کے جائزے کے دوران وزیر کو بتایا گیا کہ شکایات سیل، ارلی ڈیپارچر سیل، لاسٹ اینڈ فاؤنڈ سیل، ڈیجیٹل انڈیکشن سیل اور آئی ٹی سیل تین شفٹوں میں مکمل فعال ہیں اور حجاج کے تمام امور کو جدید تکنیکی بنیاد پر مانیٹر کر رہے ہیں۔ سردار محمد یوسف نے ہسپتال اور ایم سی او کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سال مدینہ منورہ میں حجاج کو پہلے سے کہیں بہتر اور منظم سہولیات میسر آئی ہیں۔ انہوں نے مشن کی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی اور ہدایت کی کہ حجاج کی خدمت کے اس مشن کو اسی جذبے اور مستعدی کے ساتھ جاری رکھا جائے