عمران خان کو کمزور کرنے اور اداروں میں تصادم کی کوشش کرنیوالے ناکام ہونگے’ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی پریس کانفرنس

لاہور۔21 دسمبر(اے پی پی )وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کو کمزور کرنے اور اداروں میںتصادم کرانے کی کوشش کرنیوالے ناکام ہونگے'عدلیہ اور افواج پاکستان ریاست کے اہم ستون ہیں جو آپس میں نہیں ٹکرائیں گے' وزیر اعظم نے سعودی عرب اور کوالالمپور کے معاملے پر قومی اور امت مسلمہ کے مفاد کو مدنظر رکھا۔۔ ان کا اس میں کوئی ذاتی مفاد نہیں' پرویز …

لاہور۔21 دسمبر(اے پی پی )وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کو کمزور کرنے اور اداروں میںتصادم کرانے کی کوشش کرنیوالے ناکام ہونگے’عدلیہ اور افواج پاکستان ریاست کے اہم ستون ہیں جو آپس میں نہیں ٹکرائیں گے’ وزیر اعظم نے سعودی عرب اور کوالالمپور کے معاملے پر قومی اور امت مسلمہ کے مفاد کو مدنظر رکھا۔۔ ان کا اس میں کوئی ذاتی مفاد نہیں’ پرویز مشرف کیخلاف فیصلے کا پیرا 66 غیر آئینی اور غیر اسلامی ہے’ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے کیس سنجیدہ نوعیت کے ہیں’ بلاول بھٹو زیڈ جی پی ایل کے 2011ء سے سی ای او رہے اور ڈیڑھ ارب روپے کی ٹرانزیکشن پر ان کے دستخط ہیں’ خورشید شاہ کے 126 اکائونٹ برآمد ہوئے تاہم انہیں احتساب عدالت سے ضمانت مل گئی ہے۔ پہلا موقع ہے کہ ملزم اور مجرم لندن میں نیو ایئر منائیں گے’ شہباز شریف وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں’ ۔ وہ ہفتہ کے روز ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ نئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کو مبارکباد دیتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ ان کے آنے سے حالات بہتر ہونگے’ انہوں نے کہا کہ ہٹلر مودی کیخلاف جس طرح بھارت سمیت دنیا کا مسلمان باہر نکلا میری مسلم امہ سے اپیل ہے کہ وہ اپنے مسلمان بھائیوں کی حمایت میں باہر نکلیں اور یک زبان ہو کر مسئلہ کشمیر سمیت مسلمانوں کے تمام مسائل کے حل پر زوردیں’ انہوں نے کرپشن کو غداری کے مترادف قرار دیا اور کہا کہ کرپٹ معاشرہ غریب آدمی کو روٹی اور چھت نہیں دے سکتا اور نہ ہی ملک آگے بڑھ سکتا ہے’ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک آگے بڑھے گااور تمام مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترے گی’ وزیر ریلوے نے کہاکہ بلاول بھٹو اتنے سادہ نہیں وہ زیڈ جی پی ایل کے 2011ء میں سی ای او رہے جب ان کی عمر 23 سال تھی اور اکائونٹ میں ان کے دستخط ہوتے رہے اور اس طرح مبینہ طور پر ڈیڑھ ارب روپے کی جعلی ٹرانزیکشن پر ان کے دستخط ہیں یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی سندھ میں اپنے کیس ٹرانسفر کروانے کی خواہش مندہے’ خورشید شاہ کے 126 اکائونٹ برآمد ہوئے تاہم انہیں احتساب عدالت سے ضمانت مل گئی ہے۔ دنیا میں پہلی دفعہ مجرم اور ملزم لندن میں نیو ایئر منائیں گے اور جو یہ سمجھ رہے ہیں کہ وہ عمران خان کو کمزور کر دیں گے اور اداروں میں جھگڑا ہو گا انہیں یہ جان لینا چاہئے کہ ادارے سمجھدار ہیں اور آج کی پاک فوج بھی یہ سمجھتی ہے کہ ملک کیلئے جمہوریت لازم و ملزوم ہے انہوں نے توقع ظاہر کی کہ 2020ء میںمہنگائی’ بیروزگاری کے مسائل پر قابو پالیا جائیگا۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ پرویز مشرف کو غدار نہیں محب وطن پاکستانی سمجھتا ہوں جس شخص نے بطور آرمی چیف 40 سال تک ملک کی خدمت کی اس کو غدار نہیں کہاجاسکتا’ ان کیخلاف بیان وہ جاری کر رہے ہیں جو خود منی لانڈرنگ میں ملوث اور ملک کو لوٹنے والے ہیں’ پاکستان میں کوئی بھی یہ ثابت نہیں کرسکتا کہ پرویز مشرف نے ایک روپے کی بھی منی لانڈرنگ کی۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی کوشش ہے کہ ملک میں احتساب ہو ان کو اس بات کا بھی دکھ رہے گا کہ نواز شریف مجرم ہو کر باہرچلے گئے کیونکہ اس وقت ہر سطح پر ایسا تاثر دیا گیا کہ اگر نواز شریف باہر نہ گئے تو ان کی جان کو خطرہ لاحق ہو گا اور کوئی بھی سیاستدان اس طرح کے حالات اپنے ذمے نہیں لیتا۔سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے کیس میں گواہی کے سلسلہ میں سوال پر وزیر ریلوے نے کہاکہ میں نے عدالت میں رٹ دائر کی تھی لیکن کہا گیا کہ نیب میں معاملہ داخل کیاجائے جس کو نیب میں لیکر گیا لیکن اس کے بعد نیب سے کوئی رابطہ نہیں ہوا اور نیب نے میری گواہی سے متعلق کچھ نہیں بتایا۔ شیخ رشید نے کہا کہ ایم ایل ون کا شایان شان طریقے سے اجراء کرینگے کہ دنیا یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ 4 نئی ٹرینیں چلانے کے ساتھ ساتھ نجی شعبہ کو 4 ٹرینوں کی پیشکش کی ہے جبکہ ریٹ کو پرائیویٹ کیا جائے گا ۔

مزید خبریں