عمرکوٹ،خاوندنے اپنی بیوی اور سگے بھائی پر مبینہ طور پر ناجائز تعلقات کا الزام عائد کرتے ہوئے دونوں کو قتل کر دیا

سامارو کے نواحی علاقے میں غیرت کے نام پر خاوندنے اپنی بیوی اور سگے بھائی پر مبینہ طور پر ناجائز تعلقات کا الزام عائد کرتے ہوئے دونوں کو قتل کر دیا۔سامارو تھانے کی حدود دیہہ بکوری کے گاؤں محمد رمضان شر میں ملزم امید علی شر نے اپنی 40 سالہ اہلیہ پٹھانی شر اور 28 سالہ سگے بھائی شہباز عرف شعبان شر کو مبینہ طور پر کاروکاری کے الزام میں …

عمرکوٹ۔ 05 جون (اے پی پی):سامارو کے نواحی علاقے میں غیرت کے نام پر خاوندنے اپنی بیوی اور سگے بھائی پر مبینہ طور پر ناجائز تعلقات کا الزام عائد کرتے ہوئے دونوں کو قتل کر دیا۔سامارو تھانے کی حدود دیہہ بکوری کے گاؤں محمد رمضان شر میں ملزم امید علی شر نے اپنی 40 سالہ اہلیہ پٹھانی شر اور 28 سالہ سگے بھائی شہباز عرف شعبان شر کو مبینہ طور پر کاروکاری کے الزام میں قتل کر دیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر سامارو پولیس موقع پر پہنچی اور گھر سے خاتون کی لاش تحویل میں لے کر تعلقہ اسپتال سامارو منتقل کی جہاں مقتولہ کی شناخت پٹھانی زوجہ امید علی شر کے نام سے ہوئی۔پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزم نے اپنی بیوی کو گھر کے اندر گلا گھونٹ کر قتل کیا اور بعد ازاں فرار ہو گیا،سامارو اسپتال میں لیڈی ڈاکٹر موجود نہ ہونے کے باعث مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے تعلقہ اسپتال کنری منتقل کی گئی۔واقعے کی سنگینی کے پیش نظر ایس ایس پی عمرکوٹ سہائی عزیز ٹالپر بھی جائے وقوعہ پر پہنچیں اور پولیس افسران سے تفصیلات حاصل کر کے ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کئے جس کے بعد سامارو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم امید علی شر کو گرفتار کر لیا۔

گرفتاری کے بعد ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے اپنے بھائی شہباز عرف شعبان شر کو بھی قتل کر کے اس کی لاش مٹھڑاؤ واہ میں پھینک دی ہے۔ ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے جاڑا واٹر کے مقام پر غوطہ خوروں کی مدد سے نہر میں سرچ آپریشن کیا اور نوجوان کی لاش برآمد کر لی۔ لاش کو تعلقہ اسپتال سامارو منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت 28 سالہ شہباز عرف شعبان شر کے طور پر ہوئی۔پوسٹ مارٹم کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد مقتول خاتون کی لاش کنری اسپتال اور مقتول نوجوان کی لاش سامارو اسپتال سے ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ذرائع کے مطابق مقتولہ پانچ بچوں کی ماں تھی جبکہ مقتول نوجوان غیر شادی شدہ تھا۔دوسری جانب مقتولہ پٹھانی شر کے بھائی شاہد شر نے کنری میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کے بہنوئی امید علی شر نے رات کے وقت ان کی بہن کو گلا گھونٹ کر قتل کیا اور بعد ازاں اپنے بھائی شہباز کو نہر میں ڈبو کر مار ڈالا۔