رکنِ صوبائی اسمبلی حاجی محمد خان طور اتمانخیل نے صوبائی وزیر شعیب خان نوشیروانی اور سیکرٹری آبپاشی حکومتِ بلوچستان سہیل الرحمٰن سے ان کے دفتر میں خیرسگالی ملاقات کی۔
عوامی مسائل کو متعلقہ صوبائی حکام کے سامنے مؤثر انداز میں اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، محمد خان طور اتمانخیل

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 17 نومبر (اے پی پی):رکنِ صوبائی اسمبلی حاجی محمد خان طور اتمانخیل نے صوبائی وزیر شعیب خان نوشیروانی اور سیکرٹری آبپاشی حکومتِ بلوچستان سہیل الرحمٰن سے ان کے دفتر میں خیرسگالی ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلع لورالائی اور حلقے کے مختلف عوامی مسائل، بالخصوص محکمہ آبپاشی کے زیرِ تکمیل اور جاری ترقیاتی منصوبوں، آبپاشی کے نظام کی بہتری اور زرعی شعبے کو درپیش مسائل پر تفصیلی اور تعمیری گفتگو ہوئی ۔اس موقع پر حاجی محمد خان طور اتمانخیل نے ضلع لورالائی کی جغرافیائی، زرعی اور معاشی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ لورالائی ایک زرعی خطہ ہے جہاں بڑی تعداد میں لوگوں کا ذریعہ معاش زراعت، باغبانی اور مالداری سے وابستہ ہے۔ علاقے میں زراعت کے فروغ، باغات کی بہتر نگہداشت اور زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے پانی کے مؤثر انتظام اور آبپاشی کی سہولیات کی فراہمی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ خصوصاً کسانوں اور زمینداروں کو درپیش پانی کی قلت اور آبپاشی سے متعلق مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں ۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ محکمہ آبپاشی کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے، زیرِ تکمیل اسکیموں کی رفتار تیز کرنے اور عوامی مفاد کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر عملی جامہ پہنانے کی ضرورت ہے، تاکہ ان منصوبوں کے ثمرات براہِ راست علاقے کے عوام، کسانوں اور زمینداروں تک پہنچ سکیں حاجی محمد خان طور اتمانخیل نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کا دارومدار بنیادی سہولیات کی فراہمی، زرعی شعبے کی مضبوطی، روزگار کے مواقع میں اضافے اور عوامی ضروریات کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر ہے۔ لورالائی جیسے زرعی اہمیت کے حامل ضلع میں آبپاشی کے نظام کو بہتر بنانے سے نہ صرف زرعی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی معیشت، کسانوں کی خوشحالی اور عوام کے معیارِ زندگی پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ حلقے کے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے عوامی مسائل کو متعلقہ صوبائی حکام کے سامنے مؤثر انداز میں اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے ترقیاتی وژن کے مطابق ضلع لورالائی میں عوامی فلاح و بہبود، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطوں اور تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے گا ۔اس موقع پر صوبائی وزیر شعیب خان نوشیروانی اور سیکرٹری آبپاشی سہیل الرحمٰن کے ساتھ محکمہ آبپاشی سے متعلق امور، جاری منصوبوں اور علاقے کی ترقیاتی ضروریات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کا بنیادی مقصد لورالائی کے عوام کو درپیش مسائل کی نشاندہی، متعلقہ محکمے کی توجہ ان مسائل کی جانب مبذول کرانا اور ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر پیش رفت کے لیے رابطوں کو فروغ دینا تھا عوامی و سماجی حلقوں کے مطابق زرعی علاقوں میں آبپاشی کی سہولیات کی بہتری، پانی کے وسائل کا بہتر استعمال اور ترقیاتی اسکیموں کی بروقت تکمیل علاقے کی معاشی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کے لیے اہمیت کی حامل ہے۔







