عوام کو صحت عامہ کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ،صحت کے شعبے میں اصلاحات کے عمل کو تیز تر کیا جائے، وزیراعظم محمد شہباز شریف

عوام کو صحت عامہ کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ،صحت کے شعبے میں اصلاحات کے عمل کو تیز تر کیا جائے، وزیراعظم محمد شہباز شریف

اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو صحت عامہ کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ،صحت کے شعبے میں اصلاحات کے عمل کو تیز تر کیا جائے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس و ریسرچ سینٹر اور فیڈرل گورنمنٹ پولی کلینک فیز 2 ایکسٹینشن کی تعمیر کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کو صحت عامہ کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،صحت کے شعبے میں اصلاحات کے عمل کو تیز تر کیا جائے۔

اجلاس میں مجوزہ جناح میڈیکل کمپلیکس و ریسرچ سینٹر کی عمارت کی تعمیر کے حوالے سے مختلف تعمیراتی ڈیزائن اور تجاویز پیش کی گئیں۔ اجلاس کو پولی کلینک فیز 2 ایکسٹینشن کی تعمیر میں پیشرفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں سیکٹر جی 11 میں زیر تعمیر فیڈرل گورنمنٹ پولی کلینک ایکسٹینشن کو جناح میڈیکل کمپلیکس کے پہلے فیز کے طور پر شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا،اس فیصلے کا مقصد ہسپتال کو جلد فعال کرنا اور شہریوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کے پہلے فیز کو مارچ 2027ء تک مکمل کیا جائے، جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کے پہلے فیز کو جدید اور سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنانے کے حوالےسے ہرممکن اقدامات کئے جائیں،اس ہسپتال میں جدید اور ہائی ٹیک مشینری کی تنصیب یقینی بنائی جائے، منصوبے کی پیشرفت کے ساتھ ساتھ تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن جاری رکھی جائے۔اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال، وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔