صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب جان نوشیروانی نے کہا ہے کہ خاران کے مختلف دیہاتوں اور دیہی علاقوں کو بلیک ٹاپ سڑکوں سے منسلک کرنا ان کا دیرینہ وژن ہے
عوام کی مشکلات اور بنیادی ضروریات سے بخوبی آگاہ ہیں ، حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ،صوبائی وزیر خزانہ

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 27 اگست (اے پی پی):صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب جان نوشیروانی نے کہا ہے کہ خاران کے مختلف دیہاتوں اور دیہی علاقوں کو بلیک ٹاپ سڑکوں سے منسلک کرنا ان کا دیرینہ وژن ہے، خاران کے مختلف دیہاتوں کے لیے سڑکوں کی تعمیر کے متعدد منصوبے منظور کیے گئے ہیں، خاران کے عوام نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ہے، ان کے ساتھ ہمارا رشتہ محض سیاسی نہیں بلکہ شفقت، اعتماد، خدمت اور خونی رشتے پر مبنی ایک بنیادی تعلق ہے، ہم اپنے حلقے کی عوام کی مشکلات اور بنیادی ضروریات سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر میر شعیب جان نوشیروانی نے کہا کہ ضلع خاران میں تقریبا ڈھائی ہزار نوجوانوں کو بلاامتیاز روزگار فراہم کیا گیا ہے، علاقے میں تعصب اور ناانصافی کی سیاست کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ خاران کو ایک ترقی یافتہ، جدید طرز کا خوبصورت شہر بنانے کے لیے ماسٹر پلان میں مختلف منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خاران کے مختلف کلیوں کو پختہ سڑکوں سے منسلک کرنا عوام کی دیرینہ ضرورت ہے، برسوں سے خستہ حال اور کچی سڑکوں کے باعث دور دراز علاقوں میں آباد عوام کو روزمرہ آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا پڑتاہے، نئے منصوبوں کی تکمیل سے ان مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی اور عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ بہتر سڑکوں کا انفراسٹرکچر علاقے کی ترقی کے لیے بنیادی اہمیت کا حامل ہے، سڑکوں کی تعمیر سے نہ صرف شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات حاصل ہوں گی بلکہ زرعی پیداوار کو منڈیوں تک پہنچانے میں آسانی، کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ اوراس سے مقامی معیشت کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ خاران اور اس کے گردونواح میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، مختلف شعبوں میں فنڈز فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آسکیں، بلیک ٹاپ سڑکوں کی تعمیر و توسیع کے ساتھ ساتھ تعلیم،صحت،آبنوشی اور دیگر بنیادی و فلاحی منصوبوں پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
میر شعیب جان نوشیروانی نے کہا کہ تعلیم اور صحت کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہیں، اس لیے ان شعبوں میں بھی بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اسی طرح خاران شہر کے گردونواح میں قلتِ آب پر قابو پانے کیلئے آبنوشی کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور عوامی مفاد کو بنیادی اہمیت دے رہی ہے، ہماری کوشش ہے کہ ترقیاتی بجٹ کا زیادہ سے زیادہ فائدہ عام آدمی تک پہنچے اور ایسے منصوبے مکمل کیے جائیں جن کے ثمرات طویل عرصے تک عوام کو حاصل ہوتے رہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ خاران کے عوام نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس کا بدلہ اور خدمت میرا نصیب العین ہیں ، علاقے کی ترقی وخوشحالی اور عوامی خدمت کا سلسلہ مزید تیزی کے ساتھ جاری وساری رہے گا اور خاران کے ہر پسماندہ علاقے کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔







